Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم الزام تراشی پر یقین نہیں رکھتے،‘ دفتر خارجہ کا افغان وزیرخارجہ کے بیان پر ردعمل

افغان وزیرخارجہ مولوی امیرخان متقی نے کہا تھا کہ پاکستانی وزرا اپنا بوجھ دوسروں پر نہ ڈالیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے عبوری افغان حکومت سے مخلصانہ تعاون کی امید رکھتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغانستان اس سلسلے میں پاکستان اور عالمی برادری سے کیے گئے وعدے پوری کرے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب بتایا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کے لیے مشترکہ خطرہ ہے اور ہمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کو پر تشدد کارروائیوں میں نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف بھرپورانداز میں کھڑا ہونا چاہیے۔
ترجمان نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے اور ہر شہری کا تحفظ یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم الزام تراشی پر یقین نہیں رکھتے۔ ’تاہم ہم امید کرتے ہیں کہ کوئی بھی ملک اپنے علاقے کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، یہ وقت ہے کہ عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کو ایمانداری اور مخلصانہ طریقے سے پورا کیا جائے۔‘
خیال رہے بدھ کو افغان وزیرخارجہ مولوی امیرخان متقی نے کہا تھا کہ پشاور دھماکے کی باریک بینی سے تحقیقات ہونی چاہیے، پاکستانی وزرا اپنا بوجھ دوسروں پر نہ ڈالیں۔
پاکستان کے محترم وزرا سے بھی امید ہے کہ اپنے کندھوں کا بوجھ دوسروں پر نہ ڈالیں۔ اپنے مسائل کی بنیادیں اپنے گھر میں تلاش کریں۔ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ پشاور دھماکے کی پوری باریکی سے تحقیقات کیے جائیں۔ یہ خطہ بارود، دھماکوں اور جنگوں سے آشنا ہے۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی جیکٹ، کوئی خودکش، کوئی چھوٹا بم اتنی تباہی پھیلائے۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی ایک خارجہ پالیسی ہے جس کی ترجیحات میں تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات بنانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ہمسایہ ممالک، یورپی یونین، امریکہ اور روس سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعمیری مذاکرات کیے ہیں۔
’مستقبل میں روس کے ساتھ اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔‘
 ممتاز زہرہ بلوچ نے یہ اعلان بھی کیا کہ امور خارجہ کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر کل سے سری لنکا کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گی۔

شیئر: