خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کے لیے وفاقی حکومت نے فنڈز نہیں دیے: تیمور سلیم جھگڑا
خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کے لیے وفاقی حکومت نے فنڈز نہیں دیے: تیمور سلیم جھگڑا
جمعرات 2 فروری 2023 14:35
خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ اور تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ چار برسوں کے دوران پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا بجٹ دُگنا کیا گیا۔‘
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو میں سابق صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا کہ ’وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے فنڈز جاری نہیں کیے اس لیے ہم نے وفاق کو آگاہ کر دیا تھا کہ ہمارے 250 ارب روپے کے بقایا جات جاری نہ کرنے کا اثر صوبے کی سکیورٹی پر پڑے گا۔‘
’گذشتہ چار برسوں میں مالی مشکلات کے باوجود پولیس اور سی ٹی ڈی کا بجٹ دو گنا کردیا تھا، محکمہ پولیس نے جب بھی پیسے مانگے ہم نے جاری کیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’طالبان سے مذاکرات کے بارے میں سمجھدار سیاسی پارٹی یہی کہے گی کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت ہے مگر مذاکرات کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ دہشت گردی کی مذمت نہ کی جائے۔‘
سابق صوبائی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ’جہاں بھی فوج نے کارروائی کا فیصلہ کرنا ہو ہم اسے 200 فیصد سپورٹ کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وفاق میں حکومت کی تبدیلی کے بعد اچانک حالات بگڑ گئے لیکن آج مہنگائی اور سکیورٹی حالات کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا جاتا ہے۔‘
تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ ’پشاور خیبر میڈیکل کالج میں فارینزک لیبارٹری موجود ہے جہاں پولیس لائنز دھماکے کی تین لاشیں ڈی این سے ٹیسٹ کے لیے بھیجی گئی ہیں۔‘
خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ ’مجھے نہیں پتا کہ آئی جی نے ڈی این اے کی سہولت نہ ہونے کا بیان دیا۔‘
’گورنر حاجی غلام علی کا الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ نہ دینا ایک غیر آئینی اقدام ہے، یہ لوگ الیکشن کے انعقاد میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں مگر عوام بیدار اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ’2010 سے اب تک خیبر پختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مد میں 417 ارب روپے جاری کیے گئے۔‘