مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر بننے کے لیے تیار؟
مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر بننے کے لیے تیار؟
پیر 30 جنوری 2023 21:15
مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر کو ایک مرتبہ پھر سے ٹیم کے ساتھ منسلک کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق مکی آرتھر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر تعینتات کیے جانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
مکی آرتھر کے ساتھ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق کرکٹر گرانٹ بریڈبرن کو اسسٹنٹ کوچ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنرل مینیجر ریحان الحق کو ٹیم کا مینیجر بنائے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور مکی آرتھر کے درمیان معاہدہ آخری مراحل میں ہے جس کے بعد وہ پاکستانی ٹیم سے منسلک ہوجائیں گے، لیکن اس مرتبہ کوچنگ کی بجائے وہ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالیں گے۔
اس سے قبل پی سی بی نے جب سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی جگہ نئے امیدواران کی تلاش شروع کی گئی تھی تو اس وقت پی سی بی نے اس بات کی تصدیق کر دی تھی کہ مکی آرتھر سے کوچنگ کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔
جنوبی افریقن نژاد کوچ انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کلب ڈربی شائر کی کوچنگ کر رہے ہیں جس کے باعث انہوں ںے دوسری مرتبہ پاکستان ٹیم کا کوچ بننے سے معذرت کر لی تھی، تاہم پی سی بی کے عبوری نگران نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ وہ مکی آرتھر کو منانے کی کوشش کر رہے تھے۔
کرک انفو نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور مکی آرتھر رواں سال یکم اپریل سے ٹیم کے ڈائریکٹر ہوں گے۔
مکی آرتھر کی اس عہدے پر تقرری کے بعد ٹیم انتظامیہ میں غیر معمولی تبدیلی بھی دیکھنے میں آئے گی کیونکہ وہ ہر ٹور پر ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے، تاہم ان کا ایک مخصوص سٹاف ہوگا جو ٹیم کی تیاری کروائے گا۔
اس سٹاف میں سب سے اہم عہدہ پاکستان کے سابق فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کے پاس ہوگا جبکہ اسی طرح بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے لیے ایک ایک کوچ رکھا جائے گا، لیکن ٹیم کا کوئی بھی ہیڈ کوچ نہیں ہوگا۔
مکی آرتھر انگلش کاؤںٹی سیزن کے دوران ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے (اس دوران پاکستان کا جولائی میں دورۂ سری لنکا اور ستمبر میں ایشیا کپ شیڈول ہے) لیکن جیسے ہی کاؤنٹی سیزن ختم ہوگا وہ ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
رواں سال انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اور پاکستان کے دورۂ آسٹریلیا کے لیے مکی آرتھر ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
ان کے علاوہ پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنرل مینیجر ریحان الحق کی بھی قومی ٹیم کے ساتھ بطور مینیجر تقرری کی جائے گی۔ ان کا عہدہ روایتی طریقے سے ہٹ کر ہو گا اور وہ مکی آرتھر کے چیف آف سٹاف کے طور پر کام کریں گے۔
خیال رہے ریحان الحق لیگ کے پہلے سیزن سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ منسلک ہیں اور ان کی ڈیٹا تکنیک کے باعث ٹیم کے دو مرتبہ چیمپیئن بننے کا کریڈٹ بھی انہیں دیا جاتا ہے۔
مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔
ان کی کوچنگ میں پاکستان کو 2017 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ ان کی مدد سے پاکستانی ٹیم نے ٹی20 فارمیٹ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، تاہم 2019 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث انہیں اس عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ، سری لنکا اور آسٹریلیا کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔