Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست اوڈیشہ میں پولیس اہلکار نے وزیر کو گولی مار دی

نبا کشور داس کا تعلق ’بیجو جنتا دل‘ سے ہے۔ (فائل فوٹو: ذی نیوز)
انڈیا کی ریاست اوڈیشہ میں ایک پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ریاست کے وزیر صحت نبا کشور داس شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق اوڈیشہ کے وزیر صحت نبا کشود داس کو اس وقت گولی لگی جب وہ براجراج نگر کے علاقے گاندھی چوک میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے آئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر صحت کے اپنی گاڑی سے باہر نکلتے ہی گولی چلنے کی آواز آئی جس کے بعد ہجوم کی جانب سے شور سننے میں آیا اور نبا کشور داس اپنی گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر دوبارہ گر گئے۔
اسی ویڈیو میں ایک خاکی وردی پہنے پولیس اہلکار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جس نے انڈین میڈیا کے مطابق نبا کشور داس پر گولی چلائی۔
ایک اور ویڈیو میں کچھ افراد کو اوڈیشہ کے وزیر صحت کو گاڑی سے باہر نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ظاہر ہو رہا ہے کہ گولی نبا کشور داس کے سینے میں لگی جس کے بعد ان کی سفید رنگ کی قمیض خون سے لت پت ہوگئی۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق اوڈیشہ کے وزیر صحت نبا کشور داس پر حملے کرنے والے اہلکار کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپیکٹر (اے ایس آئی) گوپال داس کے نام سے ہوئی جو جس کا تعلق جھارسگوڈا شہر سے ہی ہے۔
حملہ کرنے والے پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن اس نے وزیر صحت پر حملہ کیوں کیا اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
زخمی ہونے والے وزیر صحت کو اوڈیشہ کے سب سے بڑے شہر بھوینیشور کے اپالو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
علاقے میں تعینات ایک پولیس افسر نے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو بتایا کہ ’وزیر صاحب کو انتہائی قریب سے اس وقت گولی ماری گئی جب وہ اپنی کار میں براجراج نگر ضلعی حکومت کی دو نئی بلڈنگز کا افتتاح کرنے آئے تھے۔‘
خیال رہے اوڈیشہ میں مقامی سیاسی جماعت ’بیجو جنتا دل‘ کی حکومت ہے اور نبا کشور داس کا تعلق بھی اسی جماعت سے ہے۔

شیئر: