نسیم شاہ، شاداب خان اور افتخار احمد کی ٹوئٹر پر نوک جھونک
اتوار 22 جنوری 2023 16:44
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستانی پلیئرز کے درمیان گپ شپ فلم سے شروع ہو کر شادی تک آ پہنچی (فائل فوٹو: پی سی بی)
پاکستانی پیسر نسیم شاہ، سپنر شاداب خان اور آل راؤنڈر افتخار احمد کے درمیان سوشل میڈیا پر ہونے والی نوک جھونک نے ان کے فینز کو خوب محظوظ کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں تین روز سے جاری گفتگو کا سلسلہ تھما نہیں بلکہ فلم سے شروع ہو کر شادی تک پہنچنے کے بعد اب بھی ٹوئٹر ٹائم لائنز پر مسکراہٹیں بکھیر رہا ہے۔
شرارتوں بھرے اعترافات، انکشافات اور حاضر جوابی پر مبنی جوابات سے بھرپور گفتگو کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب 19 جنوری کو پاکستانی کرکٹر افتخار احمد نے عبدالاحد جاوید کی بنائی ایک میم شیئر کی جس میں انہیں سیاہ چشمے پہنے دکھاتے ہوئے اس کے نیچے ’افتی مینیا‘ کا کیپشن لکھا گیا ہے۔
بیس جنوری کو اس میم پر تبصرہ کرتے ہوئے شاداب خان نے یوں ظاہر کیا کہ گویا وہ وائس میسیج کے ذریعے گفتگو کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’افتی بھائی آپ کا بھائی شاداب بول رہا ہوں۔ آپ کی سنچری کمال تھی۔‘
شاداب خان نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں افتخار احمد کی اس حالیہ کارکردگی کی جانب اشارہ کیا تھا جس میں پاکستانی بیٹر نے چھکوں اور چوکوں کی برسات کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے 100 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
شاداب خان نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزید پوچھا کہ ’افتی مینیا کی ٹکٹ کہاں سے ملنی ہے، ریلیز کب ہو گی؟‘
اس مرحلہ پر پاکستانی کرکٹر خوشدل شاہ گفتگو میں شریک ہوئے تو لکھا کہ ’آپ کا چھوٹا بھائی افتی بھائی۔‘۔ تاہم بات اس تبصرے تک ہی محدود رہی اور آگے نہ بڑھی۔
شاداب خان کو جواب دیتے ہوئے افتخار احمد نے لکھا کہ ’افتی مینیا کا ٹکٹ سب کو نہیں ملتا لیکن آپ بڑے بھائی ہو، آپ کے لیے تو وی آئی پی ٹکٹ بنتا ہے شاداب بھائی۔‘
افتخار احمد کی جانب سے شاداب خان کو خود سے بڑا قرار دیا تو اپنی حاضر جوابی کے لیے مشہور شاداب خان خاموش نہیں رہے بلکہ جواب دیتے ہوئے نسیم شاہ کو مینشن کر کے انہیں بھی گفتگو میں گھسیٹ لیا۔
شاداب خان نے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’صحیح بات ہے۔ ہم دونوں اپنے بڑے بھائی نسیم شاہ کی بولنگ دیکھا کرتے تھے بچپن میں۔‘
اس مرحلے پر خاموش رہ کر نسیم شاہ خود کو دونوں سینیئر پلیئرز سے بڑا تسلیم کرواتے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا بلکہ شاداب کے تبصرے کو فلٹاس گیند کی مانند گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش کر ڈالی۔
انہوں نے لکھا کہ ’جی بالکل شاداب بھائی آپ صحیح کہہ رہے ہیں۔ افتخار بھائی کو میں سکول ڈراپ کرنے جاتا تھا۔ اب ایک ذمہ داری رہتی ہے میری اپنے چھوٹے بھائی کی شادی کرانا۔‘
’انکار کے بجائے تسلیم‘ کی یارکر شاداب خان کی طرف آئی تو انہوں نے اپنی کارکردگی کے جوہر دکھاتے ہوئے اسے ہینڈل کرنے کی کوشش کی لیکن بظاہر یہی لکا کہ وہ دیر کر گئے اور کھیل نسیم شاہ کے نام رہا۔
شاداب خان نے یہ کہہ کر بات سنبھالنے کی کوشش کی کہ ’نسیم بھائی آپ بڑے ہو پہلے شادی بڑے بھائی کی۔‘
پاکستانی کرکٹرز کے درمیان جاری نوک جھونک کو دیکھ کر ان کے فینز محظوظ ہوئے تو کہیں میمز اور کہیں تحریری تبصروں میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے رہے۔
رانیہ نے لکھا کہ ’یہ شاداب کو کیا ہو گیا ہے۔‘