Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہین شاہ آفریدی ہی ہماری پولیس کو ٹھیک کرسکتے ہیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو اعزازی طور پر خیبرپختونخوا پولیس کا افسر بنا دیا گیا ہے۔
پاکستان کے صوبہ پختونخوا کے محمکہ پولیس نے پیر کے روز پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو نہ صرف خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا ہے بلکہ انہیں ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ آف پولیس کا اعزازی عہدہ بھی دے دیا گیا ہے۔
پشاور میں منعقد ہونے والی تقریب میں صوبہ پختونخواہ کے چیف سیکریٹری شہزاد خان بنگش اور آئی جی پختونخواہ پولیس معظم جاہ انصاری نے شاہین شاہ آفریدی کو اعزازی عہدے سے نوازا اور انھیں محمکے کی خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پولیس کی وردی پہنے کافی پرجوش نظر آئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے پختونخواہ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’جب بھی پختونخوا پولیس کو کرکٹرز کی ضرورت ہوگی وہ کسی بھی پروگرام میں حاضر ہوجائیں گے اور وہ پولیس کے ساتھ ہیں۔‘
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ان کے اپنے والد پولیس میں تھے اس لیے انہیں پتہ ہے کہ پولیس کی ذمہ داری کتنی مشکل ہوتی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو پولیس کی وردی میں دیکھ کر صارفین سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے کہا کہ ’شاہین بہت اچھے لگ رہا ہیں، ماشاللہ۔‘
سحرش نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ ’بس ایک شاہین شاہ آفریدی ہی ہماری پولیس کو ٹھیک کرسکتے ہیں۔‘

کرن نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’کیا اب ہم بابر اعظم کو پنجاب پولیس میں لے سکتے ہیں؟‘

سنہ 2000 میں صوبہ پختونخواہ کے علاقے لنڈی کوتل میں پیدا ہونے والے شاہین شاہ آفریدی اب تک پاکستان ٹیم کی طرف سے 24 ٹیسٹ میچز میں 95 وکٹیں، 32 ون ڈے میچز میں 62 وکٹیں اور 40 ٹی 20 میچز میں 47 وکٹیں لے چکے ہیں۔ 

شیئر: