Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روسی صدر نے زیلنسکی کو قتل نہ کرنے کا وعدہ کیا‘

سابق اسرائیلی وزیراعظم نے بتایا ہے کہ روسی صدر نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے یوکرینی ہم منصب کو قتل نہیں کریں گے۔ دوسری جانب یوکرین نے کرپشن سکینڈل سامنے آنے کے بعد اپنے وزیر دفاع کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے وعدہ لیا ہے کہ وہ اپنے یوکرینی ہم منصب کو قتل نہیں کریں گے۔
نفتالی بینیٹ روس کی یوکرین کے ساتھ جنگ کے پہلے ہفتوں میں ایک غیر متوقع ثالث کے طور پر سامنے آئے تھے۔ وہ ان چند مغربی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے گذشتہ سال مارچ میں ماسکو کے ایک مختصر دورے میں جنگ کے دوران صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی۔
اگرچہ نفتالی بینیٹ کی ثالثی کی کوششیں زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوئیں تاہم ہفتے کے آخر میں آن لائن پوسٹ کیے گئے ایک انٹرویو میں تنازع کو حل کرنے کے لیے بیلک ڈور ڈپلومیسی اور فوری کوششوں پر روشنی ڈالی۔
پانچ گھنٹے کے انٹرویو میں سابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انھوں نے صدر پوتن سے پوچھا کہ کیا وہ ولادیمیر زیلنسکی کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟
میں نے پوچھا کیا تم زیلنسکی کو مارنے کا ارادہ رکھتے ہو؟ انہوں نے کہا کہ میں زیلنسکی کو نہیں ماروں گا۔‘
نفتالی بیننٹ نے بات چیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’پھر میں نے اُن سے کہا تم مجھ سے وعدہ کر رہے ہو کہ تم زیلنسکی کو نہیں مارو گے۔ انہوں نے کہا کہ میں زیلنسکی کو مارنے نہیں جا رہا۔‘

یوکرین نے کرپشن سکینڈل سامنے آنے کے بعد اپنے وزیر دفاع کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

سابق اسرائیلی وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے یوکرینی صدرکو ولادیمیر پوتن کے عہد سے آگاہ کرنے کے لیے فون کیا۔
سنو، میں ایک میٹنگ سے باہر آیا ہوں، وہ تمہیں نہیں مارے گا۔ انہوں نے پوچھا کہ ’کیا تمہیں یقین ہے؟ میں نے کہا سو فیصد وہ تمہیں نہیں مارے گا۔‘
اُدھر یوکرین میں ایک سینیئر قانون ساز نے بتایا ہے کہ روس کے متوقع حملے اور بدعنوانی کے سکینڈلز کے بعد یوکرین کے وزیر دفاع کو تبدیل کر دیا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سینئر قانون ساز ڈیوڈ اراکامیا نے ملٹری انٹیلی جنس کے 37 سالہ سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’کیریلو بڈانوف وزارت دفاع کی سربراہی کریں گے، جو جنگ کے دور میں بالکل منطقی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن آگے بڑھنے کی تیاری کر رہا ہے۔ ہم اپنے دفاع کی تیاری کر رہے ہیں۔‘

شیئر: