Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کےلیے امدادی مہم کا آغاز کردیا

زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز براـئے امداد و انسانی  خدمات نے بدھ کو جنوب مشرقی ترکیہ اور شمالی شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کےلیے عوامی عطیات مہم کا آغاز کیا ہے۔
یہ مہم شاہ سلمان مرکز نے’ساھم‘ پلیٹ فارم سے شروع کی ہے۔ کئی سعودی ایجنسیوں اور وزارتوں کے تعاون سے ترکیہ اور شام میں متاثرین کی مدد کی جائے گی۔
دنیا کے تبالہ کن زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز براـئے امداد و انسانی  خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ’ امدادی مہم کے دوران کئی منصوبوں پر عمل کیا جائے گا‘۔
’ریسکیو اور طبی ٹیمیں بھیجی جائیں گی تاکہ متاثرین کی مدد  کی جا سکے۔ کھانے پینے کی اشیا، دوائیں، طبی سامان اور خیمے وغیرہ براہ راست بھیجے جائیں گے‘۔
جائزہ ٹیمیں زلزلہ زدہ علاقے کے متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے جو رپورٹ پیش کریں گی اسی کے تناظر میں امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ 
ایس پی اے اور عکاظ اخبار کے مطابق الربیعہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ’ماضی میں بھی  سعودی امدادی ایجنسی شامی بھائیوں کی مدد کے حوالے سے عطیات مہم چلا چکی ہے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس بات کی کوئی قید نہیں کہ متاثرین شام میں کہاں ہیں اور کہاں نہیں۔ اقوام متحدہ اور مقامی تنظیموں کے تعاون سے شام کے تمام علاقوں میں زلزلہ زدگان تک رسائی حاصل کریں گے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ عطیات مہم شروع کرنے سے قبل شام میں سرگرم تنظیموں سے رابطے کیے گئے ہیں‘۔ 
شاہ سلمان مرکز کی کوشش ہے کہ عطیات متاثرین تک پہنچیں۔ عطیات ’ساھم‘ ایپ ،شاہ سلمان مرکز کی ویب سائٹ یا مرکز کے بینک اکاؤنٹ میں براہ راست وصول کیے جائیں گے۔ چیک بھیجنے کے لیے براہ راست رابطہ کیا جاسکے گا۔ 
علاوہ ازیں ترکیہ اور شام  کے زلزلہ زدگان کے لیے عطیات مہم نے چند گھنٹوں میں ایک لاکھ 42 ہزار 300 افراد نے 40 ملین ریال جمع کرا ئے ہیں۔

شیئر: