سعودی قیادت کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا اعلان، فضائی پل قائم
امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم جاری کیا ہے۔
دوائیں، طبی سامان اور انسانی ضروریات کی اشیا فضائی راستے ہنگامی بنیادوں پر بھیجی جائیں گی۔ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے ترکیہ، شام اور دونوں ملکوں کے برادرعوام سے رنج و ملال اور دکھ درد کا اظہار کیا۔
سعودی عرب نے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ملکوں کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب اس کے قائدین اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’فضائی پل کےذریعےدوائیں، طبی سازوسامان، خیمے، کھانے پینے کی اشیا اور لاجسٹک مدد ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جائیں‘۔
’شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ’ فضائی پل قائم کرنے کا حکم سعودی قیادت نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے جذبے سے جاری کیا ہے‘۔
’سعودی قائدین چاہتے ہیں کہ شام اور ترکیہ میں زبردست جانی و مالی نقصانات کے اثرات کم کرنے میں حصہ لیاجائے۔ تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے‘۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے کھانے پینے کی اشیا،طبی سامان اور خیمے وغیرہ بھیجے جارہے ہیں‘۔