Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: مچھلیاں گندے پانی کی وجہ سے ہلاک ہوئیں، اعلامیہ

کویت سٹی: کویتی وزارت صحت اور محکمہ تحفظ ماحولیات نے واضح کیا ہے کہ متاثر ہ مقامات پر مچھلیاں گندے پانی کی وجہ سے ہلاک ہوئی ہیں۔ اگر صورتحال کا تدارک نہ کیا گیا تو آئندہ بھی اس قسم کے واقعات پیش آتے رہیں گے۔ ان دونو ںاداروں نے یہ رپورٹ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے برخلاف جاری کی ہے ۔ طے کیا گیا تھا کہ 6ادارے مشترکہ تحقیقاتی عمل کے بعد ایک ساتھ رپورٹ جاری کریں گے۔ وزارت صحت ، وزارت داخلہ، محکمہ زراعت، محکمہ ماحولیات، محکمہ ریسرچ، کویتی یونیورسٹی اور ماحولیات تحفظ سوسائٹی کو ہلاک ہونے والی مچھلیوں کے مسئلے پر جامع رپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی تھی تاہم کویت یونیورسٹی، محکمہ زراعت اور محکمہ تحقیقات اپنا کام مکمل نہیں کرسکے جس کی وجہ سے مذکورہ دونوں ادارے رپورٹ جاری کرنے پر مجبور ہوگئے۔ تحقیقاتی کمیشن ڈپٹی چیئرمین محمد العنزی نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے ماہرین اس نتیجے تک پہنچ چکے ہیں کہ متعد د حالات کے باعث مچھلیاں متاثر علاقوں میں ہلاک ہوئی ہیں۔ اہم ترین وجہ گندے پانی کی موجودگی ہے۔ معائنہ سے پتہ چلا ہے کہ گندے پانی میں مچھلیوں کو بیماربنانے والے خطرناک بکٹیریا موجود ہیں۔ العنزی نے مزید کہا کہ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو مستقبل میں بھی گندے پانی کی موجودگی کے باعث بڑے پیمانے پر مچھلیوں کی ہلاکت کا قوی امکان ہے۔ العنزی نے اس امر پر زور دیا کہ تحفظ ماحولیات قانون کی دفعہ 106کے تحت عوام کو تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے آرزو ظاہر کی کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندے اس مسئلے کی جملہ تفصیلات کسی کمی بیشی کے بغیر رائے عامہ کے سامنے لائیں اور الف سے لے کر ی تک جملہ حقائق سے عوام کو آگاہ کرنے کا اہتمام کریں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: