قبرص کے ساحل پر 7 نایاب وہیل مچھلیاں ہلاک، تحقیقات کا حکم
’وہیل مچھلیوں کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
قبرصی حکام کا کہنا ہے کہ ’حکومت اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کس طرح سات وہیل مچھلیاں جزیرے کے شمالی ساحل پر پراسرار طور پر ہلاک ہو گئیں۔‘
ایسی اطلاعات ہیں کہ اسی قسم کی مزید تین وہیل مچھلیاں ترک قبرص کے ساحلوں پر بھی مردہ پائی گئی ہیں۔
یہ مشرقی بحیرہ روم کے جزیرے پر مردہ حالت میں پائی گئیں وہیل مچھلیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، یہاں وہیل مچھلیاں کبھی کبھار نظر آتی ہیں لیکن عام طور پر ایسا نہیں ہوتا۔
مردہ حالت میں ملنے والی وہیل مچھلیاں تمام چونچ والی وہیل تھیں، جو ممالیہ کی کسی بھی دوسری نسل کے مقابلے میں زیادہ گہرائی میں غوطہ لگانے کے لیے مشہور ہیں۔
پولس اور پچیاموس کے درمیان شمالی ساحل کے ساتھ کئی ساحلوں پر وہیل مچھلیاں پائی گئیں۔
ایک وہیل جمعرات کے روز مردہ حالت میں ملی تھی، اس کے ساتھ تین ساحلی وہیل بھی تھیں، جنہیں واپس سمندر میں دھکیل دیا گیا تھا۔
محکمہ ماہی گیری اور میرین ریسرچ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’وہیل مچھلیوں کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ماہرین نے اس حوالے سے مزید معلومات کے لیے اور بھی نمونے جمع کیے ہیں۔‘