پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے10 ماہ میں نواز شریف کو غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے دی گئی سزاوں کے خلاف کوئی ایسا قدم نہیں اٹھا سکی جس سے نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آ سکیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں مریم نواز نے کہا کہ ’مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ نواز شریف کی جماعت حکومت میں ہے اور یہ بھی جانتے ہیں کہ نواز شریف کو دی گئی سزائیں مفروضوں پر مبنی تھیں۔ اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں جو کچھ کہا گیا ہے وہ آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’نواز شریف اور میرے اوپر مقدمات بنانے والوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ الزامات جب کھلی عدالت میں سنے جائیں گے تو ان کو ہزیمت اٹھانا پڑے گی۔ ارشد ملک سمیت دیگر گواہیوں کے بعد اب وہ لوگ بھی بول رہے ہیں جو نواز شریف کو ہٹانے میں شامل تھے۔ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں کہا ہے کہ نواز شریف کو غیر آئینی طریقے سے نکال کر زیادتی کی گئی۔‘
مزید پڑھیں
-
لاہور ہائی کورٹ کا پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کرانے کا حکمNode ID: 741986