Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کیپٹل مارکیٹ تیزی سے ترقی کرنے والی سرمایہ کاری کی منزلوں میں سے ایک

سعودی تداول گروپ کا وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں اہم کردار ہے (فوٹو: عرب نیوز)
ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق 2.7 ٹریلین ڈالرکی مالیت کے ساتھ سعودی عرب کی کیپٹل مارکیٹ دنیا میں سب سے مضبوط اور تیزی سے ترقی کرنے والی سرمایہ کاری کی منزلوں میں سے ایک ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 12 فروری کو ریاض میں سعودی کیپٹل فورم کے دوسرے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی تداول گروپ کی چیئرپرسن سارہ السحیمی نے کہا کہ ’اس کانفرنس کے دوران ایک ہزار سے زیادہ دو طرفہ، سہ فریقی اور گروپ میٹنگز ہونے کی توقع ہے۔‘
سارہ السحیمی نے کہا کہ ’سعودی عرب کی کیپٹل مارکیٹ ایک رفتار سے ترقی کر رہی ہے۔ چاہے سائز، رسائی یا تنوع کے لحاظ سے ہو۔ 2.7 ٹریلین ڈالر کی قدر کے ساتھ یہ سب سے مضبوط اور تیزی سے ترقی کرنے والی سرمایہ کاری میں یہ نمایاں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگلے چند دنوں کے دوران ہم دو ہزار سے زائد  سرمایہ کاروں اور مالیاتی ماحولیاتی نظام کے شرکا کو اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ ہماری مارکیٹ اور اس سے باہر ہونے والی اہم تبدیلیوں کے بارے میں  آگاہی فراہم کی جا سکے۔‘
سعودی تداول گروپ کی چیئرپرسن نے مزید کہا کہ ’سعودی سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ اہل غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی تعداد 2017 کے آخر میں 118 سے بڑھ کر 2022 کے آخر تک تین ہزار 151 ہو گئی۔‘
سارہ السحیمی کے مطابق 2022 میں مشرق وسطیٰ میں ابتدائی عوامی پیشکشیں عروج پر ہیں اور سعودی عرب سب سے آگے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’2022 میں مشرق وسطیٰ میں ابتدائی عوامی پیشکشوں نے یورپ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 2009 میں عالمی مالیاتی بحران کے بعد صرف دوسری بار غیرملکی سرمایہ کاروں نے وسیع عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود علاقائی مارکیٹ میں خریداری جاری رکھی۔‘
سارہ السحیمی نے نشاندہی کی کہ قرض کی سرمایہ مارکیٹ بھی مملکت کی اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہی ہے۔
سعودی تداول گروپ کی چیئرپرسن نے کہا کہ ’ہم اپنی قرض کیپٹل مارکیٹ میں مسلسل ترقی دیکھ رہے ہیں جس کی بنیاد سرمایہ کاروں میں اضافہ ہے۔ درحقیقت 2022 میں ہماری قرض کیپٹل مارکیٹ میں تجارت کی تعداد 2021 کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا بڑھ گئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی تداول گروپ کا وژن 2030 میں بیان کردہ اہداف کو پورا کرنے میں ایک اہم کردار ہے۔‘

شیئر: