سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے تداول گروپ میں 12 ملین شیئرز فروخت کردیے
اتوار 13 نومبر 2022 19:43
12 لاکھ شیئرز کمپنی کے کل شیئرز کا 10 فیصد بنتے ہیں(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے سعودی ہولڈنگ تداول گروپ میں 12 ملین شیئرز کا سودا کامیابی سے مکمل کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے تداول گروپ میں اپنے 12 لاکھ شیئرز فروخت کردیے جو کمپنی کے کل شیئرز کا 10 فیصد بنتے ہیں۔
پیشکش کا حجم 2.3 ارب ریال تک پہنچ گیا۔ یہ سعودی مارکیٹ اور خلیج کے علاقے میں اپنی نوعیت کا دوسرا بڑا سودا بن گیا ہے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ میں مشرق وسطی و شمالی افریقہ کے حوالے سے سرمایہ کاری کے مشاورتی ادارے کے انچارج ایاس الدوسری نے کہا کہ’ فنڈ نے یہ سودا سرمائے کی ری سائیکلنگ پروگرام کے تحت کیا ہے۔ فنڈ ملک کی معیشت کے نئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ لگانے کا خواہشمند ہے‘۔
ایاس الدوسری نے بتایا کہ’ اس سودے میں سعودی اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر دلچسپی دکھائی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی ہولڈنگ تداول گروپ سعودی مالیاتی مارکیٹ میں رجسٹرڈ کلیدی کمپنی کی حیثیت سے اپنی ایک خاص پہچان بنائے ہوئے ہے‘۔