سعودی شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے سب سے بڑے منصوبے کا آغاز
ساپٹکو اور نیکس کونٹینینٹل ہولڈنگ کمپنی نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں( فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مملکت کے شہروں کے درمیان سالانہ 60 لاکھ افراد کو سفر کی سہولت کی فراہمی کے لیے ٹرانسپورٹ کے سب سے بڑے منصوبے کا آغازکیا جارہا ہے‘۔
الاقتصادیہ اوراخبار24 کے مطابق سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی (ساپٹکو) نے مملکت کے جنوبی علاقے کے شہروں کے درمیان بس سروس کا دس سالہ رعایتی کنٹریکٹ حاصل کیا ہے۔
ساپٹکو اور نیکس کونٹینینٹل ہولڈنگ کمپنی کے درمیان بدھ کو معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ منصوبے پر سال رواں 2023 کی چوتھی سہ ماہی سے عمل درآمد شروع ہوگا اور یہ دس سال کے لیے موثر ہوگا۔
ساپٹکو 85 فیصد اور نیکس کونٹینینٹل ہولڈنگ کمپنی 15 فیصد کی حصہ دار ہوگی۔
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین رمیح الرمیح نے بتایا کہ ’مملکت کے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نیا نظام متعارف ہورہا ہے۔ گیارہ شہروں میں یہ شروع کیا جاچکا ہے یا سال رواں کے دوران اس کا آغاز ہوگا‘۔
’نئی بس سروس مملکت کے 200 شہروں کو 76 روٹس کے ذریعے جوڑے گی۔ اس کے تحت 35 ہزار سے زیادہ اسامیاں پیدا ہوں گی‘۔
قومی پیداوار میں 3.2ارب ریال کا اضافہ ہوگا۔ سیاحوں کو سیاحتی مقامات پر آنے جانے میں سہولت ہوگی۔ 60 لاکھ سے زیادہ افراد ہر سال سفر کرسکیں گے۔