2022 کے دوران مکہ بس سروس سے 25 ملین افراد نے سفر کیا
شہر میں 12 روٹس کے ذریعے بسیں سفر کی سہولت فراہم کررہی ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن نے کہا ہے کہ’ 2022 کے دوران مکہ بس سروس سے دو کروڑ 56 لاکھ افراد نے سفر کیا ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق رائل کمیشن نے بتایا کہ ’مکہ بس سروس کے تحت شہر میں 12 روٹس اور 438 سٹینڈز کے ذریعے بسیں سفر کی سہولتیں فراہم کررہی ہیں۔‘
رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر صالح الرشید نے بتایا کہ’ بسوں کے استعمال کا رواج تصور سے کہیں زیادہ تیزی سے مقبول ہوا ہے۔ امید سے کہیں زیادہ لوگوں نے پبلک ٹرانسپورٹ بسیں استعمال کی ہیں۔‘
انجینیئر صالح الرشید نے کہا کہ’ آئندہ مرحلے میں لاجسٹک خدمات زیادہ بہتر بنانے کی کوشش ہوگی۔ اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے گا تاکہ مکہ مکرمہ شہر کے باشندے اور زائرین کی سفری ضروریات پوری ہوسکیں‘۔
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن نے مکہ تمیز ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ یہ ایوارڈ مکہ مکرمہ، منی، مزدلفہ اور عرفات میں بہرتین بس سروس پر دیا گیا ہے۔