Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلفی کیوں نہیں بنوائی؟ انڈین کرکٹر پرتھوی شا پر مشتعل افراد کا حملہ

اوشیوارا پولیس سٹیشن میں پرتھوی شا پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے (فوٹو: انڈیا ٹی وی)
انڈیا کے کرکٹر پرتھوی شا کے دوست کی کار پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اوشیوارا پولیس نے ممبئی کے فائیو سٹار ہوٹل کے باہر انڈین ٹیم کے بیٹر پرتھوی شا کے دوست کی گاڑی پر حملہ کرنے والے آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعے کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ پرتھوی شا بدھ کے روز ممبئی کے فائیو سٹار ہوٹل میں ڈِنر کرنے گئے تو وہاں کچھ نامعلوم افراد نے ان سے سیلفی بنوانا چاہی، جس کے بعد انہوں نے دو افراد سے سیلفی بنوائی، تاہم کچھ دیر بعد وہی افراد دوبارہ واپس آگئے اور مزید سیلفیاں بنوانے کا مطالبہ کرنے لگے۔
مزید سیلفیوں کے مطالبے پر کرکٹر نے کہا کہ ’وہ کھانا کھانے آئے ہیں، لہٰذا انہیں تنگ نہ کیا جائے‘ جس کے بعد ان افراد کی جانب سے مزید ضد کی گئی تو پرتھوی شا نے ہوٹل کے مینیجر کو شکایت کر دی۔ ہوٹل کے مینیجر نے انہیں ہوٹل سے جانے کا کہا تو مشتعل افراد نے باہر کھڑی پرتھوی شا کے دوست کی کار پر بیس بال بیٹ سے حملہ کر دیا۔
پرتھوی شا کے دوست آشیش سرندرا یادو کا کہنا ہے کہ ’ملزمان نے ان کی بی ایم ڈبلیو کار کے آگے اور پیچھے والے شیشوں کو توڑا ہے۔‘
آشیش نے  مزید کہا کہ ’پرتھوی شا اُس کار میں تھے، ہم مزید لڑائی نہیں چاہتے تھے، لہٰذا ہم نے انہیں دوسری کار سے بھیج دیا، لیکن ملزمان نے اس کا بھی تعاقب کرنا شروع کر دیا۔ جب وہ کار پیٹرول پمپ پر رُکی تو ایک خاتون نے آکر کہا اسے 50 ہزار روپے دے دیں تو معاملہ سلجھ جائے گا ورنہ وہ ان پر جھوٹا مقدمہ کروا دیں گی۔‘
اس معاملے کے بعد اوشیوارا پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سیلفی بنوانے والے دو ملزمان کی شناخت ثنا عرف سپنا گِل اور شھوبھیت ٹھاکر کے نام سے ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی20 میچز کی سیریز کے لیے سکواڈ میں پرتھوی شا کو شامل کیا گیا تھا، تاہم وہ کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے جس بعد سے وہ انڈین ٹیم سے باہر ہیں۔

شیئر: