Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا انڈین بولر محمد شامی میچ فکسنگ کر سکتے ہیں؟ اشانت شرما کا جواب

محمد شامی پر ان کی اہلیہ حسین جہاں نے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے فاسٹ بولر محمد شامی کے تعلقات کچھ سال پہلے اپنی اہلیہ سے خراب ہوئے تو ان پر میچ فکسنگ کے الزامات بھی لگائے گئے۔
سنہ 2018 میں تعلقات کی خرابی کے بعد حسین جہاں نے اپنے شوہر محمد شامی پر میچ فکسنگ کے الزامات لگائے تھے جس کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے انڈین فاسٹ بولر کے خلاف تحقیقات کا بھی آغاز کیا تھا۔
انڈین کرکٹ بورڈ نے تحقیقات کے بعد فاسٹ بولر محمد شامی کو کلیئر قرار دیا تھا، لیکن آج بھی یہ قصہ خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔
انڈیا کے سابق فاسٹ بولر اشانت شرما نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جب محمد شامی کے خلاف تحقیقات شروع ہوئیں تو ان سے بھی اس حوالے سے تفتیش کاروں نے سوالات کیے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اشانت شرما کا کہنا ہے کہ ’میری محمد شامی سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے اس موضوع پر مجھ سے تفصیل سے چیزیں شیئر کی تھیں۔‘
اشانت شرما کا مزید کہنا تھا کہ ’اینٹی کرپشن یونٹ نے ہم سب سے رابطہ کیا تھا اور پوچھا تھا کہ محمد شامی میچ فکسنگ کر سکتے ہیں یا نہیں۔‘
اشانت شرما کے مطابق انہوں نے اینٹی کرپشن حکام کو بتایا کہ ’مجھے محمد شامی کی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ نہیں پتا، لیکن مجھے 200 فیصد یقین ہے کہ وہ ایسا (میچ فکسنگ) نہیں کرسکتے اور میں انہیں اچھی طرح سے جانتا ہوں۔‘
محمد شامی 61 ٹیسٹ میچوں میں انڈیا کی نمائندگی کر چکے ہیں جن میں وہ 219 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جبکہ 87 ون ڈے میچوں میں ان کی وکٹیں 159 ہیں۔
دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 32 سالہ فاسٹ بولر 23 ٹی20 میچوں میں بھی انڈیا کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں ان 24 وکٹیں ہیں۔

شیئر: