سعودی وزارت داخلہ کے وفد کی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات
منگل 18 اکتوبر 2022 18:15
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینیئر حکام کے وفد نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی ہے۔
منگل کو وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ سعودی سفارت کار حسن القحطامی کے قتل کی تحقیقات اور مجرمان کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پاک سعودی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق ہوا۔
مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کے لیے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ دونوں ملک مل کر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی سفارت کار کے قتل میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ مجرمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ سعودی سفارتکار کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد سے انتہائی ہمدردی ہے۔‘
سعودی حکام نے سفارت کار حسن القحطانی کے قتل کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی حکام نے مجرمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدد اور معاونت کی ہے۔ سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی، جس کے لیے شکرگزار ہیں۔