انڈیا: حیدر آباد دکن میں آوارہ کتوں کا حملہ، 4 سالہ بچہ دم توڑ گیا
آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات انڈٰیا کے کئی شہروں میں کئی بار پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے شہر حیدرآباد دکن میں چار سالہ بچہ آوارہ کتوں کے حملے کے باعث دم توڑ گیا ہے۔
ٹائمز ناؤ کے مطابق اس دلخراش واقعے میں حیدرآباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی کی گلی میں گھومنے والے آوارہ کتوں نے ایک چار سالہ بچے پر حملہ کر دیا جس کے باعث پرادیپ نامی بچے کا انتقال ہوگیا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ گلی میں چہل قدمی کر رہا ہے کہ اس پر آوارہ کتوں کی جانب سے حملہ کر دیا گیا۔ کتے حملے کے دوران بچے کو نوچتے رہے جس کے باعث بچے کا خون تیزی سے بہنے لگا۔
خبروں کے مطابق مرنے والے بچے کے والد جن کا نام گنگا دھر بتایا جا رہا ہے وہ اس رہائشی علاقے میں چوکیدار ہیں۔
اپنے بیٹے کے رونے کی آواز سن کر گنگا دھر جلدی سے اس جگہ پر پہنچے جس کے بعد اسے قریبی ہسپتال میں لے جایا گیا جہاں پرادیپ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات انڈٰیا کے کئی شہروں میں کئی بار پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل ریاست اتر پردیش کے شہر سہارن پور میں بھی ایک سات سالہ لڑکا آوارہ کتوں کے کاٹنے کے باعث چل بسا تھا۔
پولیس سپریٹنڈنٹ سورج راج نے بتایا تھا کہ کنہا نامی ایک لڑکا اپنے گھر کے باغیچے میں کھیل رہا تھا جس دوران آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کر دیا۔
حیدر آباد دکن میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شہری اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
کرولزٹر نامی ایک ہینڈل نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں دس ماہ کے بچے کا باپ ہوں۔ میرے لیے یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔‘
سندیپ راؤ کہتے ہیں کہ ’خوفناک، میں اسی وجہ سے آوارہ کتوں سے دور رہتا ہوں۔ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہمیں اب آوارہ کتوں کے خلاف کچھ کرنا ہوگا۔‘
سنندا واشیشٹ نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’بھیانک، میں یہ دیکھ کر برداشت نہیں کر پائی۔ کچھ عرصہ پہلے ایسا دہلی میں بھی ہوا تھا جہاں کتوں نے ایک بچے پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں معصوم بچہ ہلاک ہوگیا تھا۔ دہلی میں بھی آوارہ کتوں کا بہت مسئلہ ہے۔ بزرگ شہری اور بچوں کو خطرات لاحق ہیں۔‘
آمنہ عزیز لکھتی ہیں کہ ’آوارہ کتے آبادی کے لیے خطرہ ہیں اور ہمیں ان سے جان چھڑانا ہو گی۔‘