Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: پیسے نہ ہونے پر آئی فون پہنچانے والا ڈیلیوری بوائے قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے 46 ہزار انڈین روپے کا آئی فون آرڈر کیا تھا (فوٹو: انڈیا ٹائمز)
انڈیا کی ریاست کرناٹک کے ضلع حسن میں ایک 20 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر ڈیلیوری کرنے والے کو اس لیے قتل کر دیا اس کے پاس قیمت ادا کرنے کے پیسے نہیں تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے کا نام ہیمانتھ نائیک تھا اور اس کی عمر 23 برس تھی۔ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ضلع حسن کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ہریام شنکر نے بتایا کہ ’ملزم ہیمانتھ دت نے ڈیلیوری بوائے کو اس لیے قتل کیونکہ وہ آئی فون کی ادائیگی نہیں کر سکتا تھا۔ ہمارے لیے یہ چیلنجنگ کیس تھا کیونکہ ہمیں ابتدا میں معلوم نہ ہو سکا کہ قتل کی وجہ کیا ہے۔ ان کی کوئی دشمنی نہیں تھی، نہ اس سے پہلے کوئی جھگڑا ہوا تھا اور نہ ہی اس نے پہلے کوئی جرم کیا تھا۔ بعد ازاں ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا۔‘
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے 46 ہزار انڈین روپے کا آئی فون آرڈر کیا تھا اور جب ہیمانتھ نائیک ڈیلیوری کرنے آیا تو اس نے اسے ادائیگی سے پہلے پارسل کھولنے کا کہا اور پھر کہا کہ وہ گھر کے اندر آ جائے اس کے دوست رقم لے کر آ رہے ہیں۔
’نائیک انتظار کر رہا تھا کہ اس دوران ملزم نے پیچھے سے اس پر چاقو سے حملہ کر دیا اور وہ موقعے پر ہی ہلاک ہو گیا۔ نائیک کو مارنے کے بعد ملزم نے مقتول کو ایک بوری میں بند کیا اور تین دن تک اپنے باتھ روم میں چھپائے رکھا۔‘
ایس پی ہریام شنکر کے مطابق ’یہ قتل سات فروری کو ہوا اور 10 فروری کو ملزم نے ثبوت مٹانے کے لیے لاش پر پیٹرول اور مٹی کا تیل ڈال کر اسے جلا دیا۔ پولیس نے لاش کو جلانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی۔‘
ان کے مطابق ’بعد ازاں مقتول کی آخری لوکیشن ملزم کی رہائش گاہ پر پائی گئی۔ نائیک نے اس روز سات پارسل ڈیلیور کرنے تھے لیکن دو پارسل دینے کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا تھا اس کی آخری لوکیشن ملزم کا گھر تھا۔‘

شیئر: