Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: 47 سالہ شخص سے شادی کرنے سے انکار پر 16 سالہ لڑکی کو بالوں سے گھسیٹا گیا

پولیس کے مطابق ملزم اور متاثرہ لڑکی کی شناخت کر لی گئی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کی ریاست چھتیس گڑھ میں افسوسناک  واقعہ پیش آیا ہے جہاں 16 سالہ لڑکی کو 47 سالہ شخص کی جانب سے شادی سے انکار کرنے پر بالوں سے پکڑ پر سڑک پر گھسیٹا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نوجوان لڑکی پر تیز دھار آلے سے حملہ کرنے اور پھر اسے بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹنے کے جرم میں ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
سنیچر کے روز رائے پور کے علاقے گدھیاری میں صورتحال تب تشویشناک ہوئی جب 47 سالہ شخص کو 16 سالہ لڑکی کو زخمی حالت میں سڑک پر بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اور متاثرہ لڑکی کی شناخت کر لی گئی ہے۔
 ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکی کی حالت تشویشناک ہے جسے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ایس ایس پی پراشانت اگروال کے مطابق ’متاثرہ لڑکی ملزم اومکار تیواری عرف منوج کی دوکان پر کام کرتی تھی۔‘
ایس ایس پی نے اس واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’ملزم نے متاثرہ لڑکی کی دوکان سے ملازمت چھوڑنے اور شادی کے لیے رضامند نہ ہونے پر اُس پر حملہ کیا۔‘
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ملزم نے لڑکی کو شادی کی پیشکش کی تھی، تاہم لڑکی کی والدہ نے رشتہ دینے سے انکار کر دیا جس پر غصے میں آ کر ملزم نے لڑکی پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور پھر اسے بالوں سے پکڑ سے عوام کے سامنے سڑک پر گھسیٹا۔‘
پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ ’واقعہ رونما ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ایکشن  لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔‘

شیئر: