وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف اداروں کو دھمکانے پر مقدمہ درج ہوا تھا۔ (فوٹو: اے پی پی)
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
جمعے کو گجرات کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں وزیر داخلہ راناثنا اللہ کے خلاف تھانہ انڈسٹریل فیز ٹو میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔
مقدمے کی سماعت جج رانا زاہد اقبال نے کی۔ عدالت نے پولیس کی اخراج مقدمہ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن، ڈی ایس پی اور تفتیشی افسر کو شو کاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف اداروں کو دھمکانے اور چیف سیکریٹری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج ہوا تھا۔
گجرات پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے اخراج مقدمہ رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی۔
مقدمے کی اگلی سماعت میں پولیس افسران کو بھی عدالت طلب کر لیا گیا ہے۔
عدالت نے بعدازاں مقدمے کی سماعت سات مارچ تک ملتوی کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رانا ثنااللہ کے خلاف مسلم لیگ (ق) کے رہنما شہکاز اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔