Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

صدرعارف علوی نے مشاورت کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی اجلاس کی دعوت دی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی کا انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
سنیچر کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا  کہ ’عارف علوی صدر پاکستان بنیں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں۔‘
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’صدر پاکستان اپنے منصب کی عزت کا پاس رکھیں۔ صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدہ میں بدلنا افسوس ناک ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ’پہلے بھی عمران خان نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے آئینی شکنی کرائی، سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
’عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس شریک جرم ہیں۔ عمران صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
جمعے کو صدرعارف علوی نے خط کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر کو ہنگامی اجلاس کی دعوت دی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو 20 فروری کو ایوانِ صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی گئی۔
اس سے قبل آٹھ فروری کو چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں صدر عارف علوی نے کہا تھا کہ ’الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ صوبائی اور مستقبل کے عام انتخابات کے حوالے سے خطرناک قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جا سکے۔‘

شیئر: