Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں مقیم پاکستانی کون سی اشیا فروخت کر سکتے ہیں اور دو بہنوں کے قتل کے شبہ میں والد کی گرفتاری سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں

چترال میں نایاب پرندے کی جان بچانے والی خاتون، سعودی عرب میں رہنے والے پاکستان کیا ساتھ لے کر جا کر فروخت کر سکتے ہیں اور سپین سے آنے والی دو پاکستانی بہنوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے شبہ میں والد کی گرفتاری سب سے زیادہ پڑھی گئی خبریں رہیں۔
ہفتہ رفتہ کے دوران پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کنویں سے خاتون اور دو بچوں کی لاشیں ملنا، سوزوکی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ بھی نمایاں موضوعات میں شامل رہا۔

مونال تیتر کی جان بچانے والی کیلاشی خاتون، ’معلوم نہیں تھا یہ نایاب پرندہ ہے‘

خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کی ایک خاتون نے زخمی مونال تیتر کی جان بچانے کے بعد اسے محکمہ جنگلی حیات (وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ) کے اہلکاروں کے حوالے کیا ہے۔
ضلع چترال کی رمبور وادی سے تعلق رکھنے والی کیلاشی خاتون جہان گلو نے 16 فروری کو جنگلی پرندے مونال تیتر کو عقاب کے حملے سے بچا کر زخمی حالت میں ریسکیو کیا تھا۔
خبر کی تفصیل پڑھیں

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کون کون سی اشیا وہاں لے جا کر بیچ سکتے ہیں؟

خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے تعلق رکھنے والے عبدالباسط خان گزشتہ 18 برس سے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ انہوں نے ایم بی اے کر رکھا ہے اور سعودی عرب کی مشہور سپرمارکیٹ کی کمپنی میں بطور مینیجر کام کرتے ہیں۔
ایک بار وہ پاکستان سے گلابی نمک ’پنک سالٹ‘ کے کچھ نمونے لے کر گئے۔ مناسب قیمت اور اچھی کوالٹی  کے باعث سعودی مارکیٹ میں انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا گیا اور پھر آرڈرز بھی فوراً ملنا شروع ہو گئے۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

سپین سے آئی دو بہنوں کا قتل، والد سازش میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار

صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں سپین سے آئی دو بہنوں عروج عباس اور انیسہ عباس کے قتل کے معاملے میں سپین میں مقیم ان کے والد کو اپنی بیٹیوں کے قتل کی سازش کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سپین کی مقامی عدالت نے خاندانی سازش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں والد کی گرفتاری کا حکم دیا۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

بلوچستان: کنویں سے خاتون اور دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد، ’صوبائی وزیر کی قید میں تھے‘

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایک کنویں سے ماں اور دو بیٹوں کی لاشیں ملی ہیں جن کے بارے میں لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ وہ کئی برسوں سے بلوچستان کے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں قید تھے۔
دوسری جانب ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کوہلو سے لاشیں لے کر کوئٹہ پہنچے اور وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے دھرنا دے دیا۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

سوزوکی نے گاڑیوں کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا

ٹویوٹا انڈس موٹرز کے بعد اب پاکستان سوزوکی موٹرز نے بھی اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔
پاکستان میں گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ’پاک وہیلز‘ کے مطابق سوزوکی نے آلٹو وی ایکس کی قیمت میں ایک لاکھ 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 21 لاکھ 44 ہزار روپے پر پہنچ گئی ہے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

بارکھان واقعہ: لاپتہ خاتون اور پانچ بچے بازیاب، عبدالرحمان کھیتران کا ریمانڈ منظور

بلوچستان کی لیویز فورس نے خان محمد مری کی لاپتہ اہلیہ اور پانچ بچوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ جوڈیشل میجسٹریٹ نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
پولیس نے جمعرات کو صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو سخت سکیورٹی میں جوڈیشل میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ان کا 10 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

پرویز الٰہی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل، پارٹی صدر ہوں گے

پاکستان مسلم لیگ ق نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ان کی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
منگل کو زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چودھری نے بتایا کہ ’آج مسلم لیگ ق باضابطہ طور پر تحریک انصاف میں ضم ہو گئی ہے۔‘
خبر کی تفصیل جانیں

کیا راولپنڈی اسلام آباد کی رہائشی کالونیوں کے لیے قبضے غیرملکی مسلح افراد کر رہے ہیں؟

27 جنوری 2023 کی سہ پہر راولپنڈی کی ایک پولیس ٹیم اپنے معمول کے گشت پر تھی، کہ اچانک اس پر گولیاں برسنے لگیں۔ ایسا واقعہ اس علاقے میں نیا نہیں تھا۔ بلکہ فائرنگ کے ذریعے ہراساں کرنے کے واقعات اس علاقے میں پہلے بھی ہو چکے ہیں۔
 تھانہ چونترہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق راولپنڈی کے نواحی علاقے سنگرال سے لادیاں چوک کی طرف جاتے ہوئے پولیس سکواڈ پر حملہ کیا گیا تھا۔  نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان کے ایما پر 15 سے 20  افراد نے ٹیلوں پر مورچے بنا کر حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں گاڑی کو گولیاں تو لگیں مگر پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
خبر کی تفصیل جانیں

شیئر: