موسم سرما ختم ہونے میں پانچ دن باقی، موسم بہار میں زیادہ بارش کا امکان
جمعے کو سب سے کم درجہ حرارت چھ سینٹی گریڈ طریف میں ریکارڈ کیا گیا ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل نے کہا ہے کہ ’موسم بہار کے دوران سعودی عرب میں بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔‘
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سردی کا موسم ختم ہونے میں صرف پانچ دن باقی ہیں تاہم درجہ حرارت بہت زیادہ نہیں بڑھے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سال بہار کے موسم میں بارشیں زیادہ ہوں گی خصوصاً مارچ کے مہینے میں سب سے زیادہ ہو گی۔‘
’مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ کے تناسب سے زیادہ رہے گا البتہ تبوک، الجوف اور حائل ریجنوں میں درجہ حرارت ڈیڑھ سینٹی گریڈ بڑھے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جمعے کو مملکت بھر میں سب سے کم درجہ حرارت چھ سینٹی گریڈ طریف میں ریکارڈ کیا گیا۔‘