کوئٹہ ... بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بم دھماکے میں24 افراد جاں بحق جب کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری سمیت 30 افراد زخمی ہو گئے۔پارٹی ذرائع کے مطابق جمعہ کو مستونگ میں عین اس وقت دھماکا ہو ا جب عبدالغفور حیدری اپنے ساتھیوں سمیت دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے لئے مدرسے جارہے تھے ، ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال مستونگ منتقل کیا گیا ۔ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق جے یو آئی(ف) سے ہے۔ ابتدائی شواہد اور عینی شاہدین کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا ۔اس کا نشانہ عبدالغفور حیدری تھے تاہم انہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔