پی ایس ایل: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے ہرا دیا
پی ایس ایل: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے ہرا دیا
بدھ 1 مارچ 2023 18:57
کنگز کے محمد عامر نے چار اور تبریز شمسی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے ہرا دیا۔
بدھ کے روز راولپنڈی میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد اُن کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے روؤمین پاول نے 64، ٹام کوہلر کیڈ مور نے 56 اور حسیب اللہ خان نے 50 رنز بنائے۔
اگر پشاور زلمی کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد عامر نے زلمی کے بیٹر محمد حارث کو آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی صفر پر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
زلمی کو تیسرا جھٹکا تیسرے اوور کی دوسری گیند پر لگا جب نوجوان بیٹر صائم ایوب بھی ایک رن بنا کر محمد عامر کی گیند پر طیب طاہر کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے۔
تین وکٹوں کے نقصان کے بعد پشاور کی بیٹنگ سنبھل گئی اور ٹام کوہلر کیڈ مور اور حسیب اللہ خان نے چوتھی وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 10ویں اوور کی آخری گیند پر حسیب اللہ کراچی کنگز کے سپنر تبریز شمسی کی گیند پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد بھی پشاور زلمی کی جانب سے جارحانہ کھیل جاری رکھا گیا۔
پانچویں وکٹ کے لیے روؤمین پاول اور ٹام کوہلر کیڈ مور نے 85 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 19ویں اوور کی تیسری گیند پر روؤمین پاول محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
روؤمین پاول کے بعد آنے والے آل راؤنڈر عامر جمال نے 2 چھکے لگا کر ٹیم کے ٹوٹل میں 13 رنز کا اضافہ کیا۔
کراچی کنگز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے محمد عامر نے چار اور تبریز شمسی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 57 اور میتھیو ویڈ نے 53 رنز بنائے۔
کراچی کنگز نے 198 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو 40 رنز پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی۔ ایڈیم روسنگٹن کو عظمت اللہ نے 15 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
ان کے بعد طیب طاہر آئے مگر وہ چھ رنز ہی بنا پائے تھے کہ انہیں بھی عظمت اللہ نے بولڈ کر دیا۔ ایسے ہی عرفان خان بھی چار رنز بنا کر مجیب الرحمن کا شکار بنے۔
شعیب ملک نے ایک رن ہی بنایا تھا کہ انہیں عامر جمال نے پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔
میتھیو ویڈ نے نو چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد مجیب الرحمن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ بین کٹنگ 15 رنز بنانے کے بعد عظمت اللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عامر یسین بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف آٹھ رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد تبریز شمسی بھی صفر پر عامر جمال کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
پشاور زلمی کے بولرز عظمت اللہ اور عامر جمال نے تین، تین، جبکہ مجیب الرحمن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔