کرایوں میں ہوشربا اضافہ، بنگلہ دیش کو حج کوٹہ پورا کرنے میں مشکلات
اس سال حج 26 جون کو شروع ہو گا اور اس کا اختتام یکم جولائی کو ہو گا (فائل فوٹو: ایس پی اے)
بنگلہ دیش اپنے سالانہ حج کوٹے کے مطابق شہریوں کو سعودی عرب بھجوانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ملک کی کرنسی کی گرتی ہوئی شرح اور مہنگائی اس کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پروازوں کے آسمان کو چُھوتے کرایوں کی وجہ سے بہت سے حج کے خواہشنمد افراد کا سفر ناممکن دکھائی دینے لگا ہے۔
رواں برس ایک لاکھ 27 ہزار بنگلہ دیشی حجاج سعودی عرب کے لیے سفر حج کر سکیں گے۔
اس کوٹے پر رواں برس کے شروع میں سعودی عرب اور بنگلہ دیش کی حکومتوں نے اتفاق کیا تھا۔
بنگلہ دیش میں حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل آٹھ فروری کو شروع ہوا تھا لیکن یکم مارچ تک صرف 32 ہزار افراد نے خود کو رجسٹر کرایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسا پہلے نہیں دیکھا گیا۔
ڈھاکہ کے حج آفس کے ڈائریکٹر سیف الاسلام نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں نے ایسا ہوتا پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا۔‘
واضح رہے کہ اس سال حج 26 جون کو شروع ہو گا اور اس کا اختتام یکم جولائی کو ہو گا۔
بنگلہ دیش میں حج کے لیے رجسٹریشن 7 مارچ تک جاری رہے گی۔
حج آفس کے ڈائریکٹر سیف الاسلام نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ 7 مارچ تک عازمین حج کی رجسٹریشن میں اضافہ ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں حکومت کسی قسم کی سبسڈی دینے کا منصوبہ نہیں رکھتی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے حج ٹور آپریٹرز اس مسئلے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے جوڑتے ہیں۔
بنگلہ دیش کی حج ایجنسیز ایسوسی ایشن کے سینیئر نائب صدر یعقوب شرافاتی نے کہا کہ ’یہ سب ڈالر کے مقابلے میں ٹَکے کی قدر گرنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’گزشتہ برس کی نسبت اس سال حج کے کرایوں میں 580 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ کرایہ گزشتہ برس 1400 ڈالر تھا جبکہ اس سال یہ لگ بھگ دو ہزار ڈالر ہے۔‘
’ہماری حکومت نے دن رات رجسٹریشن کا عمل جاری رکھا ہوا ہے اور ہمارے لوگ بھی مسلسل اس پر کام کر رہے ہیں۔‘