بیرون مملکت سے آنے والے حج گروپوں کے لیڈرز کے لیے تربیتی پروگرام
ملائشیا میں ہونے والی تقریب میں سعودی وزیر حج نے شرکت کی ( فوٹو :عرب نیوز)
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’سعودی عرب دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کرے گا۔ اس سال ملائیشیا سے 31 ہزار 600 عازمین حج کی خدمت کی سعادت حاصل کریں گے۔‘
سعودی وزیر حج وعمرہ نے پیر کو ملائیشیا میں اپنے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
ان کا کہنا تھا ’حج سے متعلق سروسز پیش کرنے والی کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا ماحول ہے تاکہ عازمین حج کے لیے کم لاگت میں بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حج انشورنس فیس 73 فیصد کم کر دی گئی ہے جبکہ کسی بھی ویزے پر مملکت پہنچنے والوں کو عمرے کی اجازت دی گئی ہے۔‘
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’سعودی عرب اپنے ہاں تاریخی اور مذہبی مقامت کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’نسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن ویزے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ایک سال کا آن لائن ویزا جاری کرایا جا سکتا ہے۔ ملائیشیا سمیت مختلف ملکوں سے ملٹی پل ویزے کی سہولت ہے جبکہ حج وعمرے کے لیے محرم کی شرط بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔‘
علاوہ ازیں سعودی وزارت حج وعمرہ نے بیرون مملکت سے حج گروپوں کے لیڈرز کی مملکت آمد سے قبل ان کی تربیت کا پروگرام شروع کیا ہے۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے پہلے سیشن میں 30 سے زیادہ گروپ لیڈرز نے شرکت کی۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر ہونے والی اس تقریب کو وزارت حج نے سپانسر کیا اور سعودی وزیر حج نے اس میں شرکت کی۔
اس پروگرام کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق عازمین حج کے لیے خدمات کے معیار کو بہتر، ان کے سفر کو آسان بنانا، مذہبی اور ثقافتی تجربے کو تقویت دینا ہے۔