موٹرسائیکل پر سفر کرنے والی مہم جوسعودی خاتون
سفر اور سیاحت کی دلدادہ سعودی مہم جو امل احمد اپنے انڈین شوہر شکیل میر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سعودی عرب کے مختلف شہروں کا سفر کر چکی ہیں۔
العربیہ کے مطابق امل نے اس سفر کو اپنے اور اپنے شوہر شکیل کے سیر و سیاحت کے مشترکہ شوق کا حصہ قرار دیا۔
شکیل نے بھی دنیا کے کئی شہروں کی سیر کی ہے، ان کی جیکٹ ان یادگاری تمغوں سے سجی ہے جس سے سعودی عرب کے اندر اور باہر بہت سی سرگرمیوں میں ان کی اور ان کی اہلیہ کی بھرپور شرکت اور دلچسپی عیاں ہوتی ہے۔
امل احمد نے جازان، ابہا، حائل، ریاض، دمام، احسا، جدہ، طائف، جزیرہ فراسان، عسیر اور امارات سمیت متعدد ملکی اور غیر ملکی مقامات کی سیر کی ہے۔
اپنے شوہر کے ساتھ پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے امل کہتی ہیں کہ ’وہ دونوں ایک تقریب میں ملے تھے اور جب شکیل نے انہیں شادی کی پیشکش کی تو انہوں نے رضا مندی ظاہر کردی کیونکہ وہ ان کی شخصیت اور ان کی سفر سے محبت سے متاثر تھیں۔‘
انہیں لگا کہ وہ ان کے موٹرسائیکل پر سفر کے شوق اور سفر کی سختیوں کو برداشت کرنے کے جذبے کے باعث ان کے لیے بہترین شریک حیات ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ’ میں خوفزدہ نہیں ہوں کیونکہ میرے شوہر موٹر سائیکل چلانے کے لیے ہدایات کے پابند ہیں‘۔
’ہم نے بائیک پر ایک ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور ہمارا مقصد تھکاوٹ کے باوجود مسکراہٹ پھیلانا ہے۔ ہم ہر مشکل سفر سے واپسی کے بعد خوشی محسوس کرتے ہیں‘۔