Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اُشنا شاہ نے انسٹاگرام چھوڑ دیا، ’چند دن صرف فیملی کے ساتھ گزارنا چاہتی ہوں‘

اُشنا شاہ کہتی ہیں کہ ’کئی لوگوں نے ہماری نجی زندگی کی دھجیاں اُڑائیں یہاں تک کہ نکاح بھی رُکتا رہا‘ (فائل فوٹو: وردھا سلیم انسٹاگرام)
پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ کی شادی پر بغیر اجازت ان کی تصاویر لیک ہونے کے بعد ان کی جانب سے بھرپور ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
اُشنا شاہ نے اپنی شادی پر ہونے والی ٹرولنگ اور بغیر اجازت تصاویر وائرل ہونے کے بعد فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام کچھ روز کے لیے چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سے قبل اداکارہ کی جانب سے فیشن بلاگر اے بی لاکھانی پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اپنے ساتھ بن بلائے اپنی اہلیہ اور ایک فوٹوگرافر کو لے آئے جنہوں نے بغیر اجازت ان کی شادی کی تصاویر میڈیا کو بھیج دیں۔
بدھ کے روز اُشنا شاہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں سعد انصاری نامی فوٹوگرافر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا سکرین شاٹ شیئر کیا۔
اُشنا شاہ نے انہیں میسج بھیجا کہ ’بغیر دعوت نامے کے میری تقریب میں آنے کا شکریہ۔ عدالت کے نوٹس اور عوامی بے عزتی کی اُمید رکھیں۔‘
اس کے جواب میں سعد انصاری نے کہا کہ ’میں وہاں اے بی لاکھانی کے فیشن ٹائم میگزین کے کہنے پر آیا تھا۔‘
اُشنا شاہ نے اپنی تصاویر کے بارے میں انہیں میسج کیا کہ ’تم نے جو گھٹیا تصاویر بنائیں وہ ہر جگہ پہنچ چکی ہیں۔ میں نے اے بی لاکھانی کو بطور مہمان بلایا تھا نہ کہ کوریج کرنے کے لیے۔ وہ اپنے ساتھ کسی فوٹوگرافر کو نہیں لا سکتے تھے۔‘
اس کے جواب  میں سعد انصاری نے معذرت کرتے ہوئے تصاویر ڈیلیٹ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اداکارہ نے اس سکرین شاٹ پر جذباتی انداز میں لکھا کہ ’میں نے اے بی سے اس وجہ سے معذرت کی تاکہ وہ ٹرولنگ سے بچ سکیں۔‘

اُشنا شاہ کے مطابق ’ایک فوٹوگرافر نے بغیر اجازت ان کی شادی کی تصاویر میڈیا کو بھیج دیں‘ (فائل فوٹو: وردھا سلیم انسٹاگرام)

‘تاہم اب میں بے رحمی سے تنقید کا نشانہ بن رہی ہوں صرف اس وجہ سے کہ میں نے اپنی مرضی سے شادی کی۔ اس وجہ سے کہ میرا نکاح ایک ڈرون کیمرے کی وجہ سے رُکتا رہا۔‘
’مجھے سینکڑوں ہزاروں میسجز آرہے ہیں۔ یہ بے رحمی سے بھی زیادہ ہے۔ خدا کے لیے مجھے معاف کریں کہ میں نے ایسے کپڑے پہنے اور اس چیز کا دفاع کیا جو صرف میرا تھا۔ میں نے ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا۔‘
اس کے بعد اُشنا شاہ نے اپنی دوسری تفصیلی سٹوری میں لکھا کہ ’میں نے سالوں سے ہونے والی ٹرولنگ پر کوئی بات نہیں کی لیکن میں بھی انسان ہوں جو اپنی زندگی کے نازک وقت میں ہے۔ میں گھر میں ایک نئی دلہن ہوں۔‘
انہوں نے آگے لکھا کہ ’میں نے فوٹوگرافی ٹیموں کی خدمات حاصل کیں جنہوں نے بغیر اجازت کچھ شائع نہ کرنے پر اتفاق کیا اور تقریب میں آنے والے مہمانوں کے نام دروازے پر لکھے ہوئے تھے۔‘
 ’میں اپنی نجی زندگی کو محفوظ بنانا چاہتی تھی اور صرف وہی شائع کرنے دینا چاہتی تھی جس پر میری مرضی ہو۔‘

اُشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ’میں نے اپنی ثقافت کو نقصان پہنچانے کے لیے شادی نہیں کی نہ یہ میری نیت تھی‘ (فوٹو: سکرین شاٹ)

اپنی نجی تقریب میں مداخلت پر اُشنا شاہ کہتی ہیں کہ ’کئی لوگوں نے ہماری نجی زندگی کی دھجیاں اڑائیں یہاں تک کہ نکاح بھی رُکتا رہا۔ میں بھی آخر انسان ہوں۔‘
’میں نے پہلے اس شخص کا نام سامنے لایا جس نے بغیر اجازت کے تصاویر شائع کیں۔ میں نے اپنا دفاع کیا۔ پھر میں نے درگزر کر دیا کیونکہ انہوں نے معافی مانگ لی۔‘
اپنی شادی پر ہونے والی بے جا ٹرولنگ پر وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے کئی تبصرے پڑھے جو رک نہیں رہے۔ یقین کریں میں نے اپنی ثقافت کو نقصان پہنچانے کے لیے شادی نہیں کی نہ یہ میری نیت تھی اور اگر سب کو ایسا لگتا ہے تو میں اس پر معافی مانگتی ہوں۔‘
’ذہنی سکون کے لیے میں کچھ دن یہ پلیٹ فارم (انسٹاگرام) چھوڑ رہی ہوں تاکہ میں اپنے شوہر اور بقیہ فیملی کے ساتھ اہم وقت گزار سکوں اور اپنی توانائیاں وہاں صرف کر سکوں۔‘
 خیال رہے کہ کچھ روز قبل اُشنا شاہ کی شادی حمزہ امین نامی گالفر سے ہوئی۔ شادی کی تصاویر اور ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد ان کے عروسی لباس سے انڈین ثقافت اور شوبز سٹارز کی مماثلت ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ان پر شدید ٹرولنگ کی جا رہی ہے۔

شیئر: