Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کترینہ کیف نے مجھے نہ کہہ دیا تھا: سلمان خان

سلمان خان اور کترینہ کیف رواں سال فلم ’ٹائیگر 3‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ نگری میں سلمان خان اور باربی گرل کترینہ کیف کے درمیان ڈیٹنگ کی خبریں ایک وقت پر میڈیا کی بھرپور زینت بنتی رہی ہیں۔
ہندی فلم انڈسٹری کے اس جوڑے نے میڈیا میں خوب ہیڈلائنز بنائیں اور کئی مرتبہ سلمان خان نے ڈھکے چھپے الفاظ میں کترینہ کیف کے لیے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔
ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق سلمان خان اپنے اوپر مذاق اور طنز کرنے کے لیے بہت مشہور ہیں۔
اسی سلسلے میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سلمان خان اور کترینہ کیف کی 2019 کی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ اپنی فلم ’بھارت‘ کی تشہیر کے لیے معروف کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ پر موجود تھے۔
شو میں شریک میزبان اور اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے سلمان خان کی سخت ڈائٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اتنی سخت ڈائٹ کر رہے تھے کہ انہوں نے جوس پینے سے بھی نہ کر دی۔‘
اس پر سلمان خان نے ساتھ بیٹھی کترینہ کیف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’آپ جوس کی بات کر رہی ہیں، اِنہوں نے مجھے نہ کہہ دیا تھا۔‘
سلمان خان اور کترینہ کیف نے مبینہ طور پر 2005 میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا۔
بالی وُڈ بھائی اپنی گرل فرینڈ کے لیے کافی سنجیدہ جذبات رکھتے تھے جس کے باعث 2008 میں کترینہ کیف کی سالگرہ کی پارٹی کے دوران اُن کا شاہ رخ خان سے کترینہ کیف کے بارے میں کسی بات پر لڑائی جھگڑا بھی ہوگیا تھا۔
سلمان اور کترینہ کے درمیان ڈیٹ کرنے کا سلسلہ چلتا رہا، تاہم 2009 میں رنبیر کپور کے ساتھ فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کی شوٹنگ کے دوران کترینہ اور رنبیر میں دوستی ہوگئی جس کے بعد سلمان خان نے باربی گرل سے 2010 میں بریک اپ کر لیا تھا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by (@dgxmemes)

سنہ 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘ سلمان اور کترینہ کی ایک ساتھ پہلی فلم تھی جس کے بعد انہوں نے چھ مزید فلموں میں اکٹھے کام کیا جن میں یوراج، ہیلو، پارٹنر، اک تھا ٹائیگر، ٹائیگر زندہ ہے اور بھارت شامل ہیں۔
رواں سال بھی دونوں سپرسٹارز فلم ’ٹائیگر 3‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے جو کہ ٹائیگر سیریز کی تیسری فلم ہے۔
 دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی ٹائیگر 3 میں سلمان خان انڈین ایجنسی را کے ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے۔
ان کے ساتھ کترینہ کیف ایک مرتبہ پھر نظر آئیں گی، تاہم اس فلم میں عمران ہاشمی بھی شامل ہوں گے، جبکہ علی عباس ظفر اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔

شیئر: