پی ایس ایل: ملتان سلطانز کو شکست، لاہور قلندرز پلے آف مرحلے میں
پی ایس ایل: ملتان سلطانز کو شکست، لاہور قلندرز پلے آف مرحلے میں
ہفتہ 4 مارچ 2023 18:59
لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 20 ویں میچ میں لاہور قلندرز ملتان سلطانز کو 21 رنز سے ہرا کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔
ملتان سلطانز نے 181 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 48 رنز پر گری۔ شان مسعود 20 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد زمان خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد کپتان محمد رضوان 27 گیندوں پر 30 رنز ہی بنا کر سکندر رضا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اسامہ میر نے 17 ہی بنائے تھے کہ وہ راشد خان کا شکار بنے۔
ڈیوڈ ملر صرف دو گیندیں کھیل کر ایک ہی رن بنا پائے تھے کہ انہیں بھی راشد خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
ان کے بعد ریلی روسو آئے تو وہ بھی 12 رنز بنانے کے بعد راشد خان کے ہاتھوں ڈھیر ہوئے۔
چھٹے نمبر پر آنے والے خوش دل شاہ 10 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ کیرن پولارڈ 39 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد طلعت حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
لاہور قلندرز کے بولرز راشد خان نے تین، جبکہ زمان خان، حارث رؤف، حسین طلعت اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ملتان سلطانز کو 181 رنز کا ٹارگٹ دیا۔
اوپنر فخر زمان صفر پر ثمین گُل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سیم بلنگز 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ عبداللہ شفیق نے 48 رنز بنائے۔
مرزا طاہر بیگ بھی 11 گیندوں پر 17 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
عبداللہ شفیق نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 35 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48 رنز بنانے کے بعد کیرن پولارڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سیم بلنگز نے 35 گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے جس کے بعد وہ بھی کیرون پولارڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد سکندر رضا ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ انہیں احسان اللہ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
حسین طلعت صرف نو رنز ہی بنا پائے تھے کہ انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ راشد خان صرف دو گیندیں ہی کھیل پائے تھے کہ انہیں بھی انور علی نے صفر پر آؤٹ کر دیا۔ آٹھویں نمبر پر آنے والے کپتان شاہین شاہ آفریدی نو رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
حارث رؤف کوئی رن بنائے بغیر ہی عباس آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
ملتان سلطانز کے بولرز احسان اللہ، عباس آفریدی، کیرن پولارڈ اور انور علی نے دو، دو، جبکہ ثمین گُل نے ایک وکٹ حاصل کی۔