سعودی عرب فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر
مملکت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں مسلسل ترقی کر رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
گلوبل نالج انڈیکس 2022 کے اعداد و شمار کے مطابق تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کے تحت انڈر گریجویٹ کورس میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لحاظ سے سعودی عرب کو عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے گورنر احمد بن فہد الفہید نے کہا ہے کہ مملکت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں مسلسل ترقی کر رہی ہے۔
احمد بن فہد الفہید نے نوٹ کیا کہ ’یہ کامیابی مملکت کی قیادت کی طرف سے پیش کردہ حمایت کا نتیجہ ہے جو اپنے شہریوں کو ملک کی ترقی اور نشاۃ ثانیہ میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے سازگار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے‘۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں تعلیمی اداروں کی تعداد کو بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
احمد بن فہد الفہید کے مطابق ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن 2021 میں ہائی سکول کے 28 فیصد گریجویٹس کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت میں داخلہ لینے کے لیے راغب کرنے میں کامیاب ہوا جو کہ 24 فیصد کے مقررہ ہدف سے 4 فیصد زیادہ ہے۔
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن نے نومبر کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ وہ اس وقت سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری میں ملازمت فراہم کرنے کے لیے چھ ہزار 189 افراد کو تربیت دے رہا ہے۔
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے مقاصد سعودی وژن 2030 کے مطابق ہیں جس کے تحت مملکت میں بے روزگاری کی شرح کو 2030 تک 11.6 فیصد سے کم کر کے 7 فیصد کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
گلوبل نالج انڈیکس ہر سال محمد بن راشد المکتوم نالج فاؤنڈیشن کے ذریعے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تعاون سے جاری کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد ممالک اور فیصلہ سازوں کو موجودہ منظر نامے اور مختلف شعبوں میں درپیش چیلنجز کو سمجھنے میں مدد کرنے کے لیے قابل اعتماد ڈیٹا فراہم کرنا ہے۔
انڈیکس سات جامع ذیلی اشاریہ جات پر مشتمل ہے جو علم کے چھ اہم شعبوں کی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔
ان میں پری یونیورسٹی ایجوکیشن، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت، اعلی تعلیم، معلومات اور مواصلات کی ٹیکنالوجی، تحقیق، ترقی، جدت اور معیشت شامل ہیں۔