Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوڈین سمتھ کیوں ٹرینڈ کررہے ہیں؟

کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوڈین سمتھ کی جگہ ڈیوائن پریٹوریس کو شامل کیا ہے۔ (فائل فوٹو: سی پی ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 22 ویں میچ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے اور اس میچ میں سرفراز احمد نے آج ویسٹ انڈین  آل راؤنڈر اوڈین سمتھ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ جنوبی افریقی آل راؤنڈر ڈیوائن پریٹوریس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون کا حصہ نہ ہونے کے باوجود بھی اوڈین سمتھ کا نام ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
اوڈین سمتھ کا نام ٹوئٹر ٹرینڈز میں اس لیے شامل ہے کیونکہ گذشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف آخری اوور انہوں نے کیا تھا جس میں مخالف ٹیم کو نو رنز درکار تھے۔
اوڈین سمتھ کے اوور کی شروع کی تین گیندوں پر ہی دو چوکے لگے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین گیندیں پہلے ہی یہ میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔
ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 2.3 اوورز کروائے اور 40 رنز دیے۔
سوشل میڈیا صارفین اوڈین سمتھ کی خراب کارکردگی پر نہ صرف انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی خراب سلیکشن پر مزاحیہ میمز کا نشانہ بن رہے ہیں۔
فخرو نامی ٹوئٹر صارف نے سرفراز احمد سے منسوب کرکے ایک مزاحیہ بیان میں لکھا کہ ’اگر آپ مجھے ایک اوڈین سمتھ دیں اور 10 لکڑی کے ٹکڑے دیں تو میں آپ کو پی ایس ایل جتوا دوں گا۔‘
آکاشا مغل اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اوڈین سمتھ کو آخری اوور دینے پر سرفراز احمد پر برہم نظر آئیں اور اس غصے کے اظہار کے لیے انہوں نے میم کا سہارا لیا۔
عبدالرافع نے ایک طنزیہ ٹویٹ میں لکھا کہ ’میرا اوڈین سمتھ آج نہیں کھیل رہا۔ کوئٹہ کی ٹیم نے ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔‘
حمزہ علی نے ایک فوٹو شاپ تصویر شیئر کی جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر اوڈین سمتھ کو خریدنے کے حوالے سے کہہ رہے تھے کہ ’60 لاکھ کا فراڈ ہوگیا میرے ساتھ۔‘

اوڈین سمتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے پانچ ون ڈے میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ ان میچوں میں انہوں نے مجموعی طور پر 144 رنز بھی بنائے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے لیے اوڈین سمتھ نے 24 ٹی20 میچ کھیلے جس میں انہوں نے 24 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور ہر 162 رنز بنائے۔
 

شیئر: