کانپور ....آئی پی ایل ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز آئی پی ایل پر سٹے بازی کے الزام میں جن 3ملزموں کو کانپور کے ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس میں سے ایک نے اجمیر میں مقیم بکی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گجرات لائنز کے 2کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے۔ پولیس اہلکار اسی کی بنیاد پر ان دونوں کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کرینگے۔ گجرات لائنز کا مقابلہ 10مئی کو گرین پارک اسٹیڈیم میں دہلی ڈیر ڈیولز کے ساتھ ہوا تھا جبکہ گرفتار شدہ تینوں بکیوں نائن رمیش شا، وکاس چوہان اور رمیش کمار نے اسی میچ پر سٹہ کھیلا تھا ۔ وہ اجمیر کے ایک بکی بنٹی کیساتھ بھی مسلسل رابطے میں تھے۔نارائن کے واٹس ایپ چیٹ سے پتہ چلا کہ وہ بنٹی کو بتا رہا ہے کہ اس نے لائنر کے 2کھلاڑیوں سے رابطہ کررکھا ہے۔ یہ ملزم ابھی ریمانڈ پر ہے اور پولیس کاکہناہے کہ پیر کو اسکا ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد اس سے مزید پوچھ گچھ ہوگی۔ اگر وہ ان دونوں کھلاڑیوں کا ناموں کا انکشاف کرتا ہے تو پولیس ان سے بھی پوچھ گچھ کریگی۔ دریں اثناءکانپوراوراجمیر پولیس نے مشترکہ طور پر بنٹی کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ پولیس کو وہاں سے 25موبائل فون اور 3لیپ ٹاپ ، کئی ڈائریاں اور رجسٹر بھی ملے تاہم بنٹی انکے ہاتھ نہیں آیا۔ اس کے بعد بنٹی کی اجمیر میں بیجائن نگر کی رہائش پر چھاپے مارے گئے مگر پولیس کو اس کا سراغ نہیں مل سکا۔