Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا کی وجہ سے آسانی سے پہچان مل جاتی ہے: کرشمہ کپور

کرشمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈیوڈ دھون، یش چوپڑا اور شیام بینیگال کے ساتھ کام کر کے بہت انجوائے کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے کہا ہے کہ آج کل کے اداکاروں کو سوشل میڈیا کی وجہ سے آسانی سے پہچان مل جاتی ہے لیکن انہیں پہچان بنانے کے لیے لڑنا پڑتا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کرشمہ کپور نے 90 کی دہائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وقت کافی مختلف تھا کیوںکہ اس وقت کے اداکاروں کے لیے پہچان  بنانا بہت مشکل کام ہوتا تھا۔
ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے ان کے پسندیدہ  کردار کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ کسی ایک کردار کا نام نہ بتا سکیں تاہم ان کے مطابق ان کی ہر فلم ہی ان کے کیریئر کے لیے مفید ثابت ہوئی۔
انہوں ںے کہا کہ ’آج کل آپ کو انسٹاگرام اور سوشل میڈیا کی وجہ سے آسانی سے پہچان مل جاتی ہے۔ ہمیں پہچان بنانے کے لیے لڑنا پڑتا تھا۔ کوئی بھی فلم چاہے وہ ہٹ ہو یا بلاک بسٹر، فلاپ ہو یا کسی مقصد کے لیے بنائی گئی ہو، سب ہی میرے کیریئر کے لیے مفید ثابت ہوئیں۔‘
48  سالہ اداکارہ مزید کہتی ہیں کہ ’میں نے ڈیوڈ دھون، یش چوپڑا اور شیام بینیگال کے ساتھ کام کر کے بہت انجوائے کیا۔ وہ ایک مختلف وقت تھا اور ہر فلم سپیشل تھی۔‘
دوسری جانب کرشمہ کپور تین سال کے طویل وقفے کے بعد اپنی کیریئر کی دوسری ویب سیریز ’براؤن‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں واپس آ رہی ہیں۔
ویب سیریز براؤن میں وہ کلکتہ کی پولیس آفیسر ریٹا براؤن کا کردار ادا کر رہی ہیں جو شراب نوشی کی عادت کی شکار ہے۔
 ابھینے دیو کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ ویب سیریز رواں سال کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔
اس سے قبل اداکارہ کو 2020 میں مینٹل ہُڈ نامی ویب سیریز میں ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
کرینہ کپور نے اداکاری کا آغاز 1991 میں فلم ’پریم قیدی‘ سے کیا تھا جس کے بعد انہوں ںے 90 کی دہائی میں دل تو پاگل ہے، راجہ ہندوستانی، قلی نمبر ون، راجہ بابو، جگر، انداز، سپنے ساجن اور ہیرو نمبر ون جیسی کامیاب فلموں میں بطور لیڈ ایکٹر کام کیا۔

شیئر: