Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ہولی، سڑکوں پر خواتین کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیوز وائرل

دنیا بھر میں ہندو برادری نے ہولی کا تہوار 8 مارچ کو منایا گیا تھا (فوٹو: جاپانی خاتون/@megumiko_India)
انڈیا میں رنگوں سے بھرپور مذہبی تہوار ’ہولی‘ متعدد شہریوں کے لیے زحمت کا باعث اس وقت بن گیا جب انہیں جتھوں نے سڑکوں پر ہراساں کیا۔
سوشل میڈیا پر انڈیا کے متعدد علاقوں سے ایسی متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں رنگوں سے کھیلتے ہوئے درجنوں افراد شہریوں خصوصاً خواتین کو ہراساں کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں ہندو برادری نے ہولی کا تہوار آٹھ مارچ کو منایا گیا تھا اور یہ سب ویڈیوز بھی اسی دن کی ہیں۔
صحافی میر فیصل نے انڈین ریاست اتر پردیش کے علاقے دھمپور کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں حجاب میں ملبوس راستے سے گزرتی دو خواتین کو متعدد لڑکے زبردستی رنگ لگا رہے اور ان پر پانی سے بھری تھیلیاں پھینک رہے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں جاپانی خاتون سیاح کو نوجوان لڑکوں کی جانب سے نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ انہیں رنگ کی بوچھاڑ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
انڈین نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ جاپانی خاتون سیاح کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شکایت نہیں درج کروائی گئی لیکن دہلی پولیس نے جاپانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے تاکہ خاتون کی شناخت کرکے انہیں تنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سوشل میڈیا پر کچھ اور ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی ہیں لیکن یہ ویڈیوز کافی پرانی ہیں۔
وائرل ہونے والی ایک اور ویڈیو میں ایک غیر ملکی خاتون سیاح جتھے کے ہاتھوں ہراساں کیے جانے کی شکایت کرتی ہوئے نظر آرہی ہیں، تاہم انڈین فیکٹ چیکر محمد زبیر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ ’ویڈیو دو سال پرانی ہے۔‘

شیئر: