Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہولی کے تہوار پر ڈانس کرتے نوجوان نے اپنے ہی سینے میں خنجر گھونپ دیا

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
دنیا میں بہت سے لوگوں کو رقص کا شوق ہوتا ہے اور وہ اسے سیکھنے کے لیے کئی جتن کرتے ہیں اور اگر انڈیا کی بات کی جائے تو وہاں بھی کچھ یہی صورتحال ہے۔
تاہم کبھی کبھی یہ شوق انسان کو مہنگا بھی پڑ سکتا ہے اور کچھ ایسا ہی انڈیا کے شہر اندور میں ہوا جب ایک نوجوان نے ہولی کے تہوار کی خوشی میں ڈانس کرتے ہوئے اپنے ہی سینے میں خنجر مار کر خود کو ہلاک کر دیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 38 سالہ نوجوان گوپال سولنکی نے اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئےغلطی سے خود کو زخمی کر لیا۔
پولیس کے مطابق ’نوجوان نشے کی حالت میں تھا اور ڈانس کرتے ہوئے خنجر اس کی ہاتھ میں تھا اور ایک سٹنٹ کرنے کی کوشش میں خنجر خود کو مارا۔‘
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں یہ سارا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ایک گانے کی دھن پر گوپال کو اپنے دوستوں کے ساتھ ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے جہاں ایک موقع پر وہ اپنے ہی سینے پر خنجر سے چار مرتبہ وار کرتا نظر آتا ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان کے دوست اور رشتہ دار اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے گئے، لیکن ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

شیئر: