Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی سے جعلی ویزے پر یورپ جانے کی کوشش، عرب خاتون کی بیدخلی

خاتون نے ویزے کے جعلی ہونے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہارکیا( فوٹو: امارات الیوم)
دبئی میں امیگریشن قوانین کی عدالت نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو جعلی ویزے پراپنی بیٹیوں کے ہمراہ یورپ جانے کی کوشش کرنے پردی گئی سزا کومنسوخ کرتے ہوئے ملک بدری کے احکامات صادر کردیے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون جو اپنی دوبیٹیوں کے ہمراہ یورپ جارہی تھی کے ویزے کی جانچ کی تو وہ جعلی ثابت ہوا۔ 
خاتون کو تحقیقاتی ادارے کے حوالے کردیا گیا جہاں اس نے ویزے کے جعلی ہونے کے حوالے سےلاعلمی کا اظہارکیا۔  
امگریشن حکام نے خاتون کو زیریں عدالت میں بھیج دیا جہاں ملزمہ نے بتایا کہ اسے اس بات کا قطعی علم نہیں تھا کہ جس ویزے پروہ اپنی بیٹیوں کے ہمراہ سفرکررہی ہے وہ جعلی ہے۔  
ملزمہ عدالت میں اپنے موقف پرقائم رہی اس نے اس بات زوردیا کہ وہ قطعی طورپراس بات سے لاعلم تھی کہ اس کے شوہر نے ویزے کس طرح اورکہاں سے جاری کرائے ہیں۔
ملزمہ نے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ اسے اس مقدمے سے بری کیاجائے۔ 
عدالت نے امیگریشن قوانین کے مطابق اسے تین ماہ قید کی سزا کا حکم سنا دیا بعدازاں ملزمہ کے حالات کودیکھتے ہوئے اس کی سزا کومنسوخ کرتے ہوئے صرف ملک بدری کے احکامات صادرکیے۔

شیئر: