دبئی ایئرپورٹ 2023 میں 7 کروڑ 80 لاکھ مسافروں کو خوش آمدید کہے گا
سنہ 2022 میں تین لاکھ 43 ہزار سے زائد فلائٹس دبئی پہنچی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
گزشتہ برس مسافروں کی تعداد دو گنا بڑھنے کے بعد دبئی ایئرپورٹ 2023 میں سات کروڑ 80 لاکھ مسافروں کو خوش آمدید کہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق 2022 میں دبئی ایئرپورٹ کو 127 فیصد اضافے کے ساتھ چھ کروڑ 60 لاکھ مسافروں نے استعمال کیا۔
دبئی ایئرپورٹ کے سی ای او پاؤل گریفتھس نے کہا کہ ’دبئی رواں برس بڑے ایونٹس دبئی ایئر شو اور اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے اور دبئی ایئرپورٹ پر سات کروڑ 80 لاکھ مسافروں کو خوش آمدید کہنے کی پشین گوئی کی گئی ہے۔‘
’یہ نئے چیلنجز اور مواقع کا ایک اور سال ہو گا اور ہم اس کے لیے تیار ہیں۔‘
گذشتہ برس دسمبر میں دبئی ایئرپورٹ کو 71 لاکھ مسافروں نے استعمال کیا۔ جنوری 2020 کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ اتنے مسافر اس ایئرپورٹ پر آئے۔
2022 میں سب سے زیادہ مسافر انڈیا سے تھے جن کی تعداد 98 لاکھ رہی۔ 49 لاکھ مسافروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر سعودی عرب تھا۔ برطانیہ سے 46 لاکھ، پاکستان سے 37 لاکھ اور روس کے 19 لاکھ مسافروں نے دبئی ایئرپورٹ استعمال کیا۔
ان میں سے 30 لاکھ مسافروں کی منزل لندن، 20 لاکھ کی ریاض اور 19 لاکھ کی ممبئی تھی۔
2022 میں تین لاکھ 43 ہزار سے زائد فلائٹس دبئی پہنچیں، جبکہ آخری سہہ ماہی میں 96 ہزار 701 فلائٹس دبئی آئیں۔ ہر فلائٹ میں مسافروں کی اوسط تعداد 204 رہی۔