Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم جودھا اکبر سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار امن دھلیوال پر چاقو سے حملہ

اداکار امن دھلیوال صبح کے وقت جب پلینٹ فٹنس نامی جِم میں ورزش کر رہے تھے تو ایک نا معلوم حملہ آور نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین پنجاب سے تعلق رکھنے والے فلم اور ٹی وی اداکار امن دھلیوال امریکہ میں جِم کے دوران ہونے والے حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔
انڈین ٹریبیون کے مطابق اداکار امن دھلیوال صبح کے وقت جب پلینٹ فٹنس نامی جِم میں ورزش کر رہے تھے تو ایک نا معلوم حملہ آور نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل اس حملے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور نے ہاتھ میں چاقو پکڑ کر امن دھلیوال کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور چِلاتے ہوئے جِم میں موجود بقیہ افراد سے پانی لانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
اس دوران امن دھلیوال موقع دیکھتے ہی حملہ آور پر جھپٹ پڑتے ہیں اور اسے نیچے گرا دیتے ہیں۔
ویڈیو کے آخر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور کو کچھ لوگوں نے نیچے زمین پر دبوچا ہوا ہے اور اداکار سائیڈ میں لہو لہان کھڑے ہیں۔
انڈٰین میڈیا کے مطابق امن دھلیوال کے جسم پر چوٹیں لگی ہیں جب کہ ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آ سکی کہ ان پر حملہ کیوں ہوا ہے اور کس نے کیا ہے۔
حملے میں زخمی ہونے والے اداکار ہسپتال میں ہیں جب کہ حملہ آور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سنہ 1988 میں انڈٰین پنجاب کے ضلع مانسا میں پیدا ہونے والے امن دھلیوال بالی وُڈ، انڈین پنجابی، پاکستانی اور تیلگو فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے 2008 میں ہدایتکار آشوتوش رانا کی فلم ’جودھا اکبر‘ میں سپرسٹار ریتک روشن اور ایشوریا رائے کے ساتھ کام کرنے کے ساتھ ساتھ بِگ برادر، ورثہ، اِک کڑی پنجاب دی اور اج دے رانجھے جیسی مشہور فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

شیئر: