Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشاعر میں حجاج کی منتقلی کے لیے قبل از وقت تجرباتی مشقیں

تجرباتی مشقوں میں 13سوبسیں اور3 ہزارسے زائدافراد نے شرکت کی (فوٹو، ٹوئٹر)
نائب وزیرحج وعمرہ عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ حج سیزن کی تیاریاں جاری ہیں۔ حجاج کرام کوبحفاظت مشاعر مقدسہ میں نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی طورپرتجرباتی مشقوں پرکام جاری ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق نائب وزیرحج نے الاخباریہ ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ ایام حج میں مشاعر مقدسہ میں سب سے اہم مرحلہ حجاج کرام کو ایک مقام سے دوسرے مقام پرلے جانے کا ہوتا ہے جس کےلیے بسوں اورٹرینوں کے ذریعے منتقلی کا عمل ہوتاہے۔
ڈاکٹرمشاط کا کہنا تھاکہ مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کی بحفاظت منتقلی کےلیے تجرباتی طورپرعملی مشقیں کی گئی جس میں 13 سوبسوں کو استعمال کیاگیا۔
تجرباتی مشقوں کا مقصد ازحام پربہترطورپرقابوپاتے ہوئے حجاج کرام کو بحفاظت ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا ہے۔ مشقوں میں متعدد اداروں کی ٹیموں نے شرکت کی۔
نائب وزیرحج کا مزید کہنا تھا کہ امسال ایام حج سے کافی پہلے تجرباتی مشقوں کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہے تاکہ حج کے دنوں میں کسی قسم کا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اورکیے گئے کامیاب تجربے کی بنیاد پرعملی اقدامات کرنے میں سہولت ہو۔
تجرباتی مشقوں کے حوالے سے ڈاکٹرمشاط کا کہنا تھا کہ ان دنوں مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے جس کی وجہ سے تجرباتی مشقوں کومحدود سطح پرکیا گیا اگرچہ ہمارا پروگرام تھا کہ مشقوں کوبڑے پیمانے پرکیاجائے۔

امسال وزارت حج کی جانب سے مشقیں قبل از وقت شروع کی گئی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

مشقوں میں 13 سو بسیں اورتین ہزارسے زائد محتلف اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تجرباتی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے جومختلف طریقوں سے کی جائیں گی ۔ مشقوں کی رپوٹوں کا جائزہ لینے کے بعد ایام حج کے لیے حتمی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

شیئر: