Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انفرادی حج سروس‘ شروع کی جائے گی: سعودی وزارت حج وعمرہ

نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت حج و عمرہ  نے بیرون مملکت سے حج کے خواہش مند افراد کے لیے جلد ’انفرادی حج سروس‘  شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا’ کہ نسک ایپ کے ذریعے ریاض الجنہ میں نماز اور عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے۔‘ 
بیان میں کہا گیا کہ ’فوری عمرہ ویزہ پروگرام کے تحت مملکت آنے کے خواہشمند افراد کو آن لائن فنگر پرنٹس ریکارڈ کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت برطانیہ، تیونس، بنگلہ دیش، ملائیشیا اور کویت کے شہریوں کے لیے ہوگی‘۔
سعودی وزارت خارجہ کے ماتحت سمارٹ موبائل پر ’سعودی ویزا بائیو‘ ایپ کے ذریعے یہ سہولت مہیا ہوگی۔
سعودی وزارت نے کہا کہ ’ حج و عمرہ زائرین کے لیے مکمل انشورنس سکیم جاری کرنے کا ارادہ ہے۔ اس کے تحت طبیعت اچانک بگڑنے پر علاج کی سہولت ہوگی۔ کووڈ  19 سے متاثر ہونے پر وائرس سے متاثرہ افراد کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی‘۔
 پروازوں کی منسوخی یا تاخیر سے پیدا ہونے والے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔ 
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ’ آئندہ برسوں کے دوران مملکت آمد سے روانگی تک تمام کام آن لائن کیے جائیں گے۔ ہوٹلوں میں بکنگ، ٹرانسپورٹ سمیت تمام  ضروریات پوری کرنے کے لیے آن لائن کارروائی ہو گی‘۔

شیئر: