Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسکر جیتنے والے گانے ’ناٹو ناٹو‘ کے سنگر نے معافی کیوں مانگی؟

کالا بھیراوا نے وضاحت کی کہ ’این ٹی آر اور چرن انا دونوں ناٹو ناٹو اور آر آر آر کے کامیابی کی وجہ ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی انڈیا کی بلاک بسٹر تیلگو فلم ’آر آر آر‘ کے گانے ناٹو ناٹو کے آسکر جیتنے کے چند روز بعد اس گانے کے سنگر کالا بھیراوا نے معافی مانگ لی ہے۔
کالا بھیراوا نے جمعرات کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’ناٹو ناٹو‘ کے آسکر جیتنے پر تفصیلی پیغام شیئر کیا جس میں وہ ہدایت کار ایس ایس راجامؤلی سمیت بقیہ عملے کے ممنون دکھائی دیے۔
کالا بھیراوا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’میں آپ سب کو کچھ بتانا چاہتا ہوں کہ صرف کچھ لوگ براہ راست یا بلا واسطہ لیکن مکمل طور میرے اس انمول انعام کو جتوانے کے ذمہ دار ہیں جس کے بعد مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں اس کے اتنا قابل نہیں ہوں۔‘
ناٹو ناٹو کے سنگر کے اس بیان کے بعد ان پر صارفین کی جانب سے  تنقید کی گئی کہ انہوں نے فلم کے دونوں ہیرو جونیئر این ٹی آر اور رام چرن کو ٹیگ کرنا گوارا نہیں سمجھا۔
تھیجو نے کالا بھیراوا سے شکوہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تو اس کا یہ مطلب ہے کہ این ٹی آر اور چرن کا آپ کی کامیابی میں کوئی حصہ نہیں ہے؟‘
ٹوئٹر ہیںڈل ٹیپو خان نے بھی کہا کہ ’ہیرو اور ہیروئن کے علاوہ گانے میں کوئی اضافہ نہیں کر سکتا، اگر میں غلط کہوں تو مجھے ٹھیک کیجیے گا۔‘
اس تنقید کے بعد جمعے کے روز کالا بھیراوا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ٹویٹ کے ذریعے وضاحت کی کہ ’مجھے کوئی شک نہیں کہ این ٹی آر اور چرن انا دونوں ناٹو ناٹو اور آر آر آر کے کامیابی کی وجہ ہیں۔‘
’میں صرف ان کی بات کر رہا تھا جنہوں نے مجھے اکیڈمی ایوارڈ میں پرفارم کرنے پر مدد کی۔ اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں یہ تسلیم کرتا ہوں کہ میرے پیغام دینے میں غلطی ہوئی اور اس پر میں دل سے معافی مانگتا ہوں۔‘
گذشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم آر آر آر نے جہاں باکس آفس پر تاریخی کامیابی حاصل کی وہیں اس کے گانے ناٹو ناٹو نے آسکر ایوارڈ سمیت گولڈن گلوب ایوارڈ بھی جیتا۔
خیال رہے کہ فلم کی کہانی 1920 میں رہنے والے دو ایسے کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو برصغیر پر جاری برطانوی راج کے خلاف لڑتے ہیں۔
اس فلم میں مرکزی کردار رام چرن اور جونیئر این ٹی آر نے کیا جبکہ اجے دیوگن اور عالیہ بھٹ نے کیمیو رول ادا کیے۔

شیئر: