یورپی ممالک کے افراد نے سعودی دوستوں کے ساتھ مل کر روایات کا اظہار کیا۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں گزشتہ دنوں دو روزہ یورپی فوڈ فیسٹیول میں زائرین کے لیے یورپی ممالک کے منفرد اور خوش ذائقہ کھانوں کا اہتمام کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک کے مختلف سفارت خانوں، سعودی کمیشن برائے فنون اور ریاض میں سفارتی کوارٹر کے تعاون سے یہ میلہ سجایا گیا۔
ریاض میں یورپی یونین کے سفارت خانے کے پروجیکٹ مینجر جاپ اورا نے فیسٹیول کا آغاز کرتے ہوئے اس کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔
16 اور 17 مارچ کو سجائے گئے اس میلے میں کئی یورپی ممالک کے افراد سعودی دوستوں کے ساتھ اپنی ملکی اور علاقائی روایات کا اظہار کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے۔
تقریب میں ہلٹن اور ریڈیسن بلو ہوٹل کے علاوہ سعودی عربین شیفس ایسوسی ایشن، کلنری آرٹس کمیشن نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کی۔
اس موقع پر میادہ بدر اور ان کی ٹیم کے فراخدلانہ اقدام اور سعودی قہوہ سے تواضح پر ان کا خاص شکریہ ادا کیا گیا۔
جاپ اورا نے بتایا کہ اس طرح کے ایونٹ کا مقصد یورپین اور سعودیوں کی عمدہ اور لذیذ ڈشوں سے رغبت کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں یورپی کھانوں کی دستیابی اور معیار کو ظاہر کرنا ہے۔
ایسے پروگراموں میں شامل ممالک کے باشندے اپنی ثقافت آپس میں بانٹتے ہیں اور سعودی عرب آنے والے یہاں کے کھانوں کی روایات اور مہمان نوازی کو سراہتے ہیں۔
میلے میں شریک ممالک نے مہمانوں کو کھانے کی خصوصیات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آج ہم آپ کو یورپ کا دورہ کرنے والے مسافر بننے کی دعوت دیتے ہیں جو یورپی کھانوں کی لذت سے آشنا ہوں گے۔
بیلجیم نے مہمانوں کو نرم، ہلکے کیریملائزڈ لیج وافلز کے ساتھ خوش کیا۔ جمہوریہ چیک نے اوہ ڈیئر بیکری کی جانب سے پراگ کے بہترین کرونٹ پیش کئے جبکہ ڈنمارک نے خشک میوہ جات کے ساتھ جوس اور کیک سے اپنے مہمانوں کی تواضح کی۔ نیدرلینڈز کے ڈچ وافلز بچوں نے بہت پسند کئے۔
فرانسیسی ریستوراں نے رسوٹو، پاستا اور پیزا کے ساتھ پھولوں سے تیارکردہ لیچی کے ذائقے والا عمدہ شربت پیش کیا۔
فیسٹیول میں کئی نامور فرانسیسی بیکریوں نے اپنی تیار کردہ بہترین مصنوعات زائرین کے لیے تیار کر رکھی تھیں۔
یہاں موجود بڑوں اور بچوں نے یکساں طور پر تقریب میں بین الاقوامی رنگوں اور مسحورکن مہک کے ملے جلے ماحول کو سراہا اور لطف اندوز ہوئے۔
سعودی عربین شیفس ایسوسی ایشن کے صدر اور کُلنری ہوٹل انڈسٹری کے کنسلٹنٹ یاسر جاد نے فیسٹیول میں منعقد ہونے والے دیگر مقابلوں کے بارے میں بتایا۔
اس دو روزہ فیسٹیول کو تمیمی مارکیٹ اور قصر العوانی کی جانب سے سپانسر کیا گیا۔