Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض فوڈ فیسٹیول میں خوش ذائقہ کھانوں کی نمائش

ماہرین نے علاقائی مشروب بنانے کے طریقوں پر بھی روشنی ڈالی۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں 29 دسمبر تک جاری رہنے والے سعودی عرب میں دعوتی کھانوں کے  فوڈ فیسٹیول میں مملکت بھر سے مستند کھانوں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کلینری آرٹس اتھارٹی کے زیر اہتمام اس فیسٹیول میں مملکت کے تمام علاقوں سے تفریحی اور ثقافتی پروگراموں کے ساتھ کھانا بنانے کی ترکیبیں بھی پیش کی جارہی ہیں۔

باروچیوں کو معاشی طور پر مستحکم ہونے کے مواقع مہیا ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

فوڈ فیسٹیول میں 200 سے زائد ریسٹورنٹ کھانے اور مشروبات کی وسیع رینج پیش کر رہے ہیں۔
یہاں پر سفرہ(دسترخوان)مقابلوں کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی باروچی  بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کے علاقے الجوف سے مقابلے میں حصہ لینے والی ام محمد التیمانی فخریہ طور پر شمالی علاقے کے منفرد ذائقے کے کھانے پیش کر رہی ہیں۔
ام التیمانی کا کہنا ہے کہ الجوف میں ہمارے پاس لذیذ کھانوں کا ورثہ ہے جنہیں السماح فوڈ، تمج ڈش، الملیحی، اسیدہ  السمح اور اس کے علاوہ خصوصی کھٹے ذائقے کے پھلوں سے تیار کی جانے والی خاص قسم کی چائے جسے بہت پسند کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں ریاض کے فوڈ فیسٹیول میں اپنے ثقافتی کھانوں کی نمائش کے ساتھ انتہائی اچھا محسوس کر رہی ہوں، یہاں ہمارے پاس زیتون اور شہد کی بہترین اقسام بھی موجود ہیں۔

ام التیمانی شمالی علاقے کے منفرد ذائقے کے کھانے پیش کر رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

فیسٹیول میں بچوں کا بھی خیرمقدم کیا جا رہا ہے جس میں انٹرایکٹو سرگرمیوں کے لیے ایک مخصوص علاقہ ہے جس میں اس میلے میں بچوں کی دلچسپی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایک مخصوص علاقے میں خرگوش اور بھیڑوں کے فارم ہاؤس بھی بنائے گئے ہیں۔
یہاں موجود سعودی خاتون بدریا المطیری سند یافتہ ٹرینر ہیں جو بچوں کو روایتی دستکاری جیسے خاص قسم کا کپڑا 'السدو' کی تیاری اور دیگر علاقائی رسم و رواج اور روایات کے بارے میں بتانے کے لیے میلے میں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم یہاں آنے والے بچوں کو روایات سے مانوس کراتے ہیں جیسے کسی بزرگ کی تعظیم کے لیے اس کا سر چومنا ، عربی قہوہ کپ میں انڈیلنے اور پیش کرنے کا خاص طریقہ کیونکہ زندگی صرف موبائل فون کی تکنیک کے گرد ہی نہیں ہے۔
بچوں کی ٹرینر کا خیال ہے کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو عرب رسم و رواج سے ضرور واقفیت کرانی چاہئے تا کہ عرب روایات کی بنیادی باتیں اور انداز ہمارے بچوں میں منتقل ہو سکیں۔

مخصوص علاقے میں خرگوش اور بھیڑوں کے فارم ہاؤس بھی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ٹرینر نے خوشگوار انداز میں کہا کہ مجھے ایسے بچوں کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوتی ہے جو یہاں آتے ہیں اور اپنے روایتی انداز سے واقف ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ لازم اپنے دادا یا دادی کے ساتھ رہتے ہیں جنہیں  اپنی ثقافت سے محبت ہے۔
ریاض فوڈ فیسٹیول میں چار ورکشاپس منعقد کی گئی ہیں جہاں موجود ماہرین نے کھانا پکانے کے جدید طریقوں کے علاوہ علاقائی مشروب بنانے کے طریقوں پر بھی روشنی ڈالی۔
علاقائی فوڈ فیسٹیول میں حصہ لینے والوں میں سعودی بزنس سنٹر بھی سہولت کا ر کے طور پر شامل ہے جو یہاں موجود باروچیوں کو معاشی طور پر مستحکم ہونے کے مواقع مہیا کر رہا ہے۔
سعودی بزنس سینٹر دمام برانچ کے ڈائریکٹر عبداللہ صالح نے بتایا ہے کہ ہم  اس شعبے سے منسلک ہر فرد کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں ہر طرح کا تعاون اور مدد کرتے ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: