دھمکی آمیز ای میل، سلمان خان کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی
سلمان خان کو دھمکی کا مقدمہ سدھو موسے والا کے قتل کے ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وُڈ کے سپر سٹار سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد ان کے گھر کی سکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ممبئی پولیس نے سلمان خان کو بھیجی جانے والی دھمکی آمیز ای میل کے بعد ان کے گھر کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس ای میل کو گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے جن پر ایف آئی آر بھی ہو چکی ہے۔
سلمان خان کے ساتھ دو اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر (اے پی آئی) اور 8 سے 10 کانسٹیبل سکیورٹی پر ہر وقت مامور رہیں گے۔
اس کے علاوہ دبنگ خان کے گھر کے باہر ان کے مداحوں کو بھی اکھٹا ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سلمان خان کو اس سے قبل وائی پلس کیٹیگری کی سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ وہ بلٹ پروف گاڑی میں اپنے ذاتی سکیورٹی گارڈز کے ساتھ نقل و حرکت کرتے ہیں لیکن اب حفاظت کے لیے انہیں اضافہ سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سنیچر کو ممبئی کی باندرا پولیس نے مبینہ طور پر سلمان خان کے دفتر میں دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کے الزام میں گینگسٹر بشنوئی، گولڈی برار اور روہت پر مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایف آئی آر پرشانت گنجالکر نامی شخص کی درخواست پر کاٹی گئی جو سلمان خان کی باندرا میں واقع رہائش پر اکثر آتے ہیں اور اداکار کی مینیجنٹ کمپنی چلاتے ہیں۔
ایک اہلکار نے ایف آئی آر کے متن کو پڑھتے ہوئے بتایا کہ ’سنیچر کی دوپہر کو جب گنجالکر سلمان خان کے دفتر میں موجود تھا اس نے ایک ای میل دیکھی جو روہت گارگ کی آئی ڈی سے بھیجی گئی تھی۔‘
ای میل میں لکھا گیا ہے کہ ’مسٹر خان نے بشنوئی کا نیوز چینل کو دیا گیا حالیہ انٹرویو دیکھا ہوگا، اگر نہیں دیکھا تو انہیں دیکھ لینا چاہیے۔ اگر وہ معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں تو گولڈی بھائی سے آمنے سامنے بات کریں، اب بھی ٹائم ہے لیکن اگلی بار جھٹکا دیکھنے کو ملے گا۔‘
گولڈی برار کا حالیہ انٹرویو ایک نجی نیوز چینل نے نشر کیا تھا۔
گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار دونوں پنجابی سنگر سدھو موسے والا کے قتل کے الزام میں جیل میں قید ہیں۔
خیال رہے اس سے قبل گزشتہ سال جون میں سلمان خان کے والد سلیم خان کو پارک میں واک کے دوران ایک نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز خط دیا گیا تھا جس میں سلمان خان اور سلیم خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
پولیس نے اس دھمکی کے بعد دونوں کی سیکیورٹی بڑھا دی تھی تاہم اس بات کا سراغ نہیں لگ سکا تھا کہ یہ دھمکی سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار اور لارنس بشنوئی نامی گینگسٹر نے دی ہے یا نہیں۔