Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سلمان خان پاکستان میں جاسوسی کرنے نہیں آئیں گے‘

انڈین انٹیلیجنس ایجنسی را کے جاسوس رویندرا کوشک ’بلیک ٹائیگر‘ کے نام سے مشہور تھے۔ فائل فوٹو
بالی وُڈ کے سپر سٹار سلمان خان انڈیا کی انٹیلیجنس ایجنسی را کے جاسوس رویندرا کوشک کی زندگی پر بننے والی فلم ’بلیک ٹائیگر‘ میں کام نہیں کریں گے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران سلمان خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ انڈین جاسوس رویندرا کوشک کی زندگی پر بننے والی فلم کے بارے میں ہدایتکار راجکمار گپتا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سلمان خان پہلے سے ہی فلم ٹائیگر 3 میں جاسوس کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ کسی اور ایسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہتے جس کا موضوع جاسوسی ہو۔
حیرت انگیز طور پر را کے جاسوس رویندا کوشک کو بھی عرف عام میں ٹائیگر ہی کہا جاتا تھا جس کے باعث سلمان خان کی فلم سے ان کی مماثلت ہے۔
بالی وُڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے اپنی ٹیم کے ساتھ بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ فلم ’بلیک ٹائیگرمیں کام نہیں کریں گے۔
اس فلم کے جملہ حقوق ہدایتکار راجکمار گپتا کے پاس تھے تاہم سلمان خان کی جانب سے انکار کے بعد اس کے جملہ حقوق اب بالی وُڈ کے ایک اور ہدایتکار انوراگ باسو نے خرید لیے ہیں اور اب وہ اس فلم کو بنائیں گے۔
انوراگ باسو اس فلم ٹائیگر فرنچائز سے مختلف بنانا چاہتے ہیں۔ ان کی جانب سے کسی بھی اداکار کو ابھی تک فلم کا مرکزی رول دیے جانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن گمان کیا جا رہا ہے کہ رویندرا کوشک کا کردار کوئی نوجوان اداکار ہی کرے گا۔
رویندرا کوشک انٹیلیجنس ایجنسی را کے جاسوس تھے جنہیں انڈیا کا عظیم جاسوس مانا جاتا ہے اور اسی وجہ سے انہیں ’بلیک ٹائیگر‘ کا لقب بھی دیا گیا۔
انہوں نے پاکستان میں 1975 سے 1983 تک جاسوسی کی۔ اس کے ساتھ وہ پاکستان کی فوج میں کلرک بھرتی ہوئے اور پھر کمیشن افسر بنتے ہوئے میجر بن گئے۔
رویندرا کوشک کو گرفتاری کے بعد پاکستان کی مختلف جیلوں میں رکھا گیا تاہم 2001 میں ان کی صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی کی جیل میں موت ہو گئی۔

شیئر: